برطانوی شاہی خاندان کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کیا گیا تاہم نامعلوم ہیکرز شاہی ویب سائٹ کے مواد اور سسٹم تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
اے پی پی کے مطابق ہیکرز نے اس سائبر حملے کو’ڈینائل آف سروس اٹیک‘ کا نام دیا۔ برطانوی شاہی خاندان کے ذرائع کے مطابق شاہی خاندان بارے میں سرکاری معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ رائل ڈاٹ یو کے اتوار کی صبح 10 سے تقریباً 90 منٹ کے لیے بند رہی۔
ذرائع نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینایئل آف سروس اٹیک کا مطلب ہے کہ اس ویب سائٹ پر ٹریفک کی ’بمباری‘ یا بھرمار کی گئی تھی جس کی وجہ سے ویب سائٹ نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ اگرچہ اسے ایک حملے کے طور پر بیان کیا گیا ہے لیکن یہ واقعہ ہیکنگ کی طرح کا نہیں تھا جس میں ذمے دار فریق کامیابی کے ساتھ ویب سائٹ میں داخل ہو جاتا ہے اور اس سے ویب سائٹ کمپرومائز (یا غیر محفوظ) ہو جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ اب معمول کے مطابق چل رہی ہے۔ یہ ویب سائٹ بادشاہ اور ملکہ کے بارے میں تازہ ترین معلومات کے ساتھ ساتھ شاہی رہائش گاہوں اور آرٹ کے بارے میں تاریخی معلومات فراہم کرتی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ فی الحال یہ معلوم نہیں کہ سائبر حملے کا ذمہ دار کون ہے۔ البتہ روسی ہیکر گروپ کلنیٹ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے ٹیلی گرام چینل پر اس کے بارے میں پوسٹ کی ہے۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔