تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز کل لاہور سے ہو گا

منگل 21 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے مطابق جیل بھرو تحریک کا آغاز کل 22 فروری کو لاہور سے ہو گا۔

تحریک انصاف کے جاری کردہ  شیڈول کے مطابق 22 فروری سے یکم مارچ تک روزانہ 200 کارکنان رضا کارانہ طور پر گرفتاریاں دیں گے۔ گرفتاریاں نہ ہونے کی صورت میں مقررہ مقام پر دھرنا دیا جائے گا ۔

شیڈول کے مطابق22فروری کو لاہور،23 کو پشاور، 24 کو راولپنڈی، 25 ملتان اور 26 کو گوجرانوالہ ، 27 کو سرگودھا، 28 فروری کو ساہیوال اور یکم مارچ کو فیصل آباد میں گرفتاریاں دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے17فروری کو کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا پہلے لاہور اور پھر دوسرے بڑے شہروں میں جیل بھریں گے۔ یہ ہمیں جیلوں میں ڈالنے کے لیے ڈراتے ہیں۔ جیل بھرو تحریک سارے پاکستان میں جائے گی۔ جب ہم جیل بھرو تحریک شروع کریں گے تو ان کے پاس جیلوں میں جگہ کم پڑ جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نےکہا تھا کہ جیل بھرو تحریک شروع کرو ہم تمہیں ایسا جواب دیں گے جو تمہارے گمان میں نہیں ہوگا۔ ہم جیلوں میں ورکرز کو نہیں ان کو رکھیں گے جو ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔

دوسری طرف پنجاب کی نگران حکومت نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک سے متعلق مشاورتی اجلاس کیا۔ رضاکارانہ گرفتاری دینے والے کارکنوں کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم قانون کے خلاف جانے والے پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جائے گا ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp