استاد کا عالمی دن منانے کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اساتذہ کا عالمی دن 5 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جاتا ہے، پاکستان میں اس مرتبہ بھی اس دن کو منانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، 5 اکتوبر کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

5 اکتوبر کو راولپنڈی اور اسلام آباد میں مختلف تنظیموں کے زیراہتمام آرٹ مقابلے ہوں گے جن میں مختلف اسکولوں کے طلبا و طالبات اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آرٹ اور پینٹنگز کے ذریعے معاشرے میں استاد کی اہمیت اور کردار کو اجاگر کریں گے۔

مہذب معاشرے کی تشکیل میں استاد کا بنیادی کردار ہوتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے استاد کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ در س و تدریس شیوہ پیغمبری ہے، جو لوگ اس سے وابستہ ہیں یہ ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ اللّه تعالیٰ نے انسانوں کو جہالت کے اندھیروں سے نکالنے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے انبیا کرام کو مبعوث فرمایا جنہوں نے درس و تدریس کے ذریعے انسانیت کو جہالت کی پستیوں سے نکال کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچایا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جو نوجوان نسل کی ذہنی نشونما میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمارا مذہب علم کے حصول کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اساتذہ کے ادب و احترام کی تلقین کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp