پاکستان کی پہلی خاتون خلاباز نمیرہ سلیم مشن کے لیے تیار، وزیراعظم کی نیک خواہشات

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی پہلی خاتون خلا باز نمیرہ سلیم 6 اکتوبر کو اپنے تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہو رہی ہیں۔

واضح رہے کہ نمرہ سلیم پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ نمیرہ سلیم 21 اپریل 2007 کو قطب شمالی اور 8 جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔

خلا میں روانگی کے حوالے سے ٹریننگ کے پہلے روز گفتگو کرتے ہوئے نمیرہ سلیم نے کہا کہ انہیں اپنے اسپیس سوٹ اور پیرا شوٹ کو درست طریقے سے فٹ کرنے، اسپیس شپ میں سیٹوں کی فعالیت اور اپنی سیٹ بیلٹ باندھنے اور کھولنے کے بارے میں سکھایا گیا۔

نمیرہ سلیم نے خلاءمیں روانگی سے قبل گزشتہ ماہ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی اور انہیں اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔

نمیرہ سلیم خلا میں پاکستانی پرچم بلند کرنے کا عزم رکھتی ہیں اور ان کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے جو قوم کے لیے اہم کامیابی ہے۔ نمیرہ سلیم کی اس کاوش سے پاکستان کے امن پسند اور ترقی پسند ملک کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔

پاکستانی بیٹی کے لیے انوارالحق کاکڑ کی نیک خواہشات

دریں اثنا نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستانی خلا باز نمیرہ سلیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آپ 6 اکتوبر کو کامیابی سے خلا کا سفر کریں اور تاریخ میں گلیکٹیک 4 کے ذریعے فضا میں جانے والی پہلی پاکستانی خاتون کا اعزاز حاصل کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہی اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp