اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے 35 افسران اور اہلکاروں کو اگلے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت محکمانہ پرموشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ترقی پانے والے افسران اور اہلکاروں کے سابقہ ریکارڈ اورکارکردگی کا بغورجائزہ لیا گیا۔
پروموشن کمیٹی کے اجلاس میں 05 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر، 13 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹرز اور 17 ہیڈ کانسٹیبلوں کو اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کے عہدے پرترقی دے دی گئی۔ کمیٹی کی سفارشات پر35 افسران کی اگلےعہدوں پر ترقی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے کہا کہ پولیس افسران اور جوانوں کی ترقیوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھا جائے گا اور جلد ہی اجلاس طلب کر کے دیگر تمام خالی سیٹوں پر بھی ترقیاں کی جائیں گی تاکہ افسران اور جوانوں کو ان کا حق مل سکے۔
انہوں نے ترقی پانے والے تمام افسران کومبارکباد دی اور کہا کہ اگلےعہدے میں ترقی پانے کے بعد افسران کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، پولیس فورس کا ہر افسرمیرا ہیرو ہے، یہ افسران سخت حالات میں اپنے خاندانوں سے دور رہ کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں، ہم سب مل کر اپنے شہر کو جرائم سے پاک شہر بنائیں گے۔