کرکٹ ورلڈ کپ 2023: پاکستان آج نیدر لینڈز کے خلاف اپنا سفر شروع کرے گا

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ کا عالمی کپ بھارت میں شروع ہو چکا ہے، ابتدائی میچ میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 09 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

پاکستان آج سے اپنے ورلڈ کپ کے سفر کا آغاز نیدر لینڈز کے خلاف میچ کھیل کر کرے گا۔ دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 01:30 بجے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، حیدر آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ ہالینڈ کی ٹیم سکاٹ ایڈورڈز کی کپتانی میں میدان میں اترے گی۔

ہیڈ ٹو ہیڈ ورلڈ کپ میچز کا ریکارڈ

پاکستان اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں آئی سی سی کے زیر نگرانی ہونے والے عالمی کپ کی تاریخ میں تیسری بار مدمقابل ہوں گی۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا پہلی بار 1996  کے عالمی کپ میں لاہور (پاکستان) میں ہوا جبکہ دوسری بار 2003 کے عالمی کپ کے دوران پارل (ساؤتھ افریقہ) میں ہوا اور دونوں ہی میچز میں جیت پاکستان کا مقدر بنی۔
دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 6 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں جو کہ سارے ہی پاکستان نے جیت رکھے ہیں۔

آخری پانچ ایک روزہ میچوں کا نتیجہ

پاکستان نے اپنے آخری پانچ ایک روزہ میچز میں سے 02 میچ ہارے ہیں جبکہ تین میچز میں فتح حاصل کی ہے۔ دوسری جانب نیدر لینڈز نے دو میچز جیتے جبکہ تین ہارے ہیں۔

کون سا کھلاڑی شائقین کے لیے مرکز نگاہ ہو گا؟
تیجا ندامانورو

نیدر لینڈ کے کھلاڑی تیجا ندامانورو آئی سی مینز ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری بنا کر سرخیوں کی زینت بنے تھے۔ انہوں نے 375 رنز کے مشکل تعاقب میں 76 بالوں پر 111 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروایا تھا۔

تیجا ندامانورو نے اب تک 20 ایک روزہ میچوں میں 505 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 2 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

شاداب خان

پاکستانی مینز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کے پاس آج کے میچ میں اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی فارم بحال کریں۔ انکی کارکردگی گزشتہ کچھ عرصے سے قابل زکر نہیں رہی اور انہیں سخت تنقید کا بھی سامنا
ہے۔ بھارت میں کنڈیشنز اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہیں تو ایسے میں شاداب خان کا کردار آج کے میچ میں کلیدی ہو گا۔

شاداب خان نے اب تک 64 ایک روزہ میچوں میں 83 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

بابر اعظم

کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور برق رفتارسے کھیلتے ہوئے 59 گیندوں پر 90 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم کو ورلڈ کپ  میچز میں 500 رنز مکمل کرنے کے لیے 26 رنز درکار ہیں۔

بابر اعظم اس وقت دنیائے کرکٹ کے بیٹرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں  اور اب تک 108 ایک روزہ میچز کھیل کر 5409 رنز بنا چکے ہیں۔

نیدر لینڈز کا اسکواڈ

سکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، وکرم سنگھ، تیجا ندامانورو، پال وین میکرین، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، ریان کلین، ویسلے بیریسی، ثاقب ذوالفقار، شاریز احمد، سائبرینڈ اینجلبرچٹ۔

پاکستان کا اسکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد وسیم

پچ اور موسم

آج کے میچ کے دوران حیدر آباد میں موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔ دن کے وقت درجہ حرارت 33 ڈگری جبکہ رات کے وقت کم ہو کر 25 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں وارم اپ میچز کے دوران رنزوں کا انبار لگا دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ آج کے میچ میں بھی پچ بولرز کے لیے ڈراؤنا خواب جبکہ بیٹرز کے لیے جنت ثابت ہوگی۔
اس پچ پر کھیلے کے آخری ایک روزہ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 349 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری
ٹیم 49.2 اوور میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp