کیا سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے ایٹمی راز افشا کر دیے؟

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایٹمی آبدوزوں کے بارے میں راز آسٹریلین تاجر کے سامنے بیان کر دیے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے فلوریڈا کے پرائیویٹ ممبرز کلب مار-اے-لاگو(Mar-a-Lago) میں آسٹریلیا کے ایک ارب پتی تاجر ’انتھونی پریٹ‘ کے ساتھ ملاقات میں ملکی آبدوزوں کے بارے میں خفیہ معلومات شیئر کیں، انتھونی پریٹ دنیا کی سب سے بڑی پیکیجنگ کمپنیوں میں سے ایک کے سربراہ ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس ملاقات میں ایک درجن سے زائد غیر ملکی افراد، ڈونلڈ ٹرمپ کے ملازمین اور چند صحافی بھی موجود تھے۔

آسٹریلوی تاجر کے ساتھ گفتگو میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی آبدوزوں کی سٹریٹیجک صلاحیت کے بارے میں معلومات دیں کہ امریکی بحری جہاز کتنے جوہری وار ہیڈز لے جا سکتے ہیں اور خاموشی سے وہ  روسی بحری جہازوں کے کتنے قریب پہنچ سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انتھونی پریٹ نے اپریل 2021 میں ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے پام بیچ کلب میں بھی ملاقات کی تھی اور انہیں بتایا تھا کہ ان کے خیال میں آسٹریلیا کو امریکا سے آبدوزیں خریدنا شروع کر دینا چاہیے۔

سابق صدر ڈولڈ ٹرمپ نے ابھی تک میڈیا میں آنے والی ان خبروں پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد مار-اے-لاگو میں خفیہ مواد رکھنے کے حوالے سے تحقیقات چل رہی ہیں، اس واقعے کے بارے میں انتھونی پریٹ سے 2بار انٹرویو کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد آسٹریلین تاجر انتھونی پریٹ کو اب امریکی عدالت ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خفیہ دستاویزات کے مقدمے میں گواہی دینے کے لیے بلا سکتی ہے، کیس کی سماعت فلوریڈا میں اگلے مہینے ہو گی۔

خفیہ دستاویزات کے مقدمے کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ کو 3 دیگر الزامات کا سامنا ہے، ایک جارجیا اور نیویارک میں انتخابی شکست پر دھاندلی کی کوشش، فحش فلموں کی ایک اداکارہ کے الزامات پر بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر مقدمہ چل رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر اپنے اثاثوں کی مالیت میں دھوکہ دہی سے اضافہ کرنے کے الزام پر بھی مقدمہ چل رہا ہے۔

اگرچہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تازہ الزامات پر کوئی جواب نہیں دیا ہے مگر امریکی تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کی طرف سے ایٹمی آبدوزوں کے بارے میں معلومات ظاہر کرنا امریکی جوہری بیڑے کو ممکنہ طور پر خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp