ریاض الجنہ میں نماز ادائیگی کا پرمٹ اب بذریعہ ایپ حاصل کریں

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے مسجد نبوی الشریف میں ریاض الجنہ میں نماز کا پرمٹ حاصل کرنے کا طریقہ جاری کردیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے کا پرمٹ حاصل کرنے کے لیے ’نسک‘ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی اور اس میں اکاؤنٹ بنا کر پرمٹ کے حصول کی کارروائی کرنا ہوگی۔

وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ نسک ایپ میں اپنے اکاؤنٹ پر لاگ ان کرنے کے بعد ریاض الجنہ میں نماز کے خانے کا انتخاب کریں، اس کے بعد آپ ارسال کردہ آئیکون کو کلک کریں، جس کے بعد پرمٹ آپ کو ایس ایم ایس کی صورت میں موصول ہوگا اور نسک ایپ پر بھی موجود ہوگا۔

گوگل پلے اسٹور پر اس ایپ کے تعارف میں لکھا گیا ہے کہ اللہ کے مہانوں کی خدمت کے لیے بنائی گئی اس ایپ (نسک) کی ذمہ دار سعودی وزارت حج و عمرہ ہے، اس ایپ کا مقصد حرمین الشریفین یا دیگر مقامات مقدسہ میں داخلے کی خواہش رکھنے والے عمرہ زائرین کو پرمٹ کی فراہمی ہے تاکہ انہیں مکمل طور پر محفوظ اور پر سکون روحانی ماحول میسر آ سکے۔

نسک ایپ کو حال ہی میں متعارف کروایا گیا ہے اور اتنے کم وقت میں اسے ایک کروڑ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp