پاکستان کی پہلی خاتون خلاباز نمیرا سلیم نے نئی تاریخ رقم کر دی

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غیر منافع بخش خلائی ٹرسٹ کی بانی اور چیئرپرسن نمیرا سلیم آج ورجن گلیکٹک شٹل میں خلا کے پہلے سفر کا آغاز کر دیا ہے ، وہ پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جو خلائی سفر پر روانہ ہو ئی ہیں۔

نمیرا سلیم کے خلائی سفر سے قبل سوشل میڈیا پر پاکستان کے عوام نے ان کی خوب ستائش کی ہے جب کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی ان کے لیے تہنیتی پیغام پوسٹ کیا ہے ۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ان شا اللہ 6 اکتوبر کو خلا میں پاکستان کا بھی قومی پرچم لہرانے والا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

برطانوی ایڈورٹائزنگ پروفیشنل ٹریور بیٹی اور امریکی فلکیات کے ماہر رون روزانو نمیرا سلیم کے خلائی سفر کے ساتھی ہیں۔ ورجن گلیکٹک شٹل کی چیف خلاباز انسٹرکٹر بیتھ موسیٰ بھی اس گروپ کا حصہ ہیں۔

منگل کو ورجن گلیکٹک نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے جمعہ 6 اکتوبر تک اپنے خلائی سفر کو ایک دن کے لیے ملتوی کردیا ہے۔

نمبرا سلیم 2023 میں ورجن گلیکٹک شٹل کے چوتھے مشن گلیکٹک 04 کا حصہ ہیں اور ورجن گلیکٹک کے وی ایس ایس یونٹی خلائی طیارے پر جانے والے ان 3 افراد میں شامل ہیں جنہوں نے اس خلائی سفر کے لیے ادائیگی کی ہے۔

ورجن یونٹی نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ امریکا سے اپنی اڑان بھرے گی۔ سب آربیٹل ٹریجیکٹری مسافروں کو زمین پر واپس آنے سے پہلے کئی منٹ تک خلا میں زمین کی گردش کا نظارہ کرنے میں مدد دے گی تاہم وہ مدار تک نہیں پہنچ پائیں گے۔

پاکستان کی پہلی خلاباز پائلٹ

خلائی سفر کے لیے روانہ ہونے والی شٹل کی پائلٹ پاکستانی نژاد کینیڈین جمیل جنجوعہ ہیں۔ جمیل جنجوعہ 45 سے زیادہ خلائی گاڑیوں پر 4 ہزار گھنٹے سے زیادہ پرواز کر چکی ہیں اور خلائی جہاز اڑانے میں کیلی لیٹیمر اور سی جے اسٹرکو کی ٹیم میں شامل رہی ہیں۔ مشن مکمل کرنےکے بعد دونوں خلائی شٹلز اسپیس پورٹ امریکا واپس آئیں گی۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی نمیرا سلیم کو خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے پر مبارکباد دی ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘متعدد شعبوں میں ٹریل بلیزر کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستانی خواتین پوری قوم کا نام روشن کر رہی ہیں۔’

نمیرا سلیم 2006 میں ورجن گلیکٹک کا ٹکٹ 200،000 ڈالر میں خریدنے والے پہلے 100 افراد میں شامل تھیں۔ اس کے بعد سے اس کے سفر کی لاگت 450،000 امریکی ڈالر تک جا پہنچی ہے.

نمیرا سلیم نے اپریل 2007 میں قطب شمالی اور جنوری 2008 میں قطب جنوبی کا دورہ کر کے پہلی پاکستانی خلا نورد خاتون کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp