جنوبی افریقی لیجنڈ بولر ڈیل اسٹین نے حسن علی کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

پیر 9 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی کی سرپرائز اینٹری کو جنوبی افریقہ کے لیجنڈ فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے خوب سراہا ہے۔

ایک بھارتی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیل اسٹین نے کہا کہ جب عین ورلڈ کپ سے پہلے آپ کا اہم ترین بولر انجرڈ ہو جائے تو اس سے ٹیم کا مورال ضرور نیچے جاتا ہے مگر حسن علی نے پہلے میچ میں نئی گیند کے ساتھ بولنگ کروا کے نسیم شاہ کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی نے 145-140 سے زیادہ کی رفتار سے بولنگ کرنے کی کوشش نہیں کی بلکہ اپنی لائن اور لینتھ کے ساتھ بہت متاثر کیا۔

ڈیل اسٹین کا پاکستان کے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں حسن علی کی نیدر لینڈز کے خلاف کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ گیم کے دوران حسن علی کے چہرے پر مسکراہٹ رہتی ہے، اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہ میچ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ جب آپ میچ  سے لطف اندوز ہوتے ہیں تو آپ کے لیے معاملات آسان ہو جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ حسن علی نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، یوں پاکستان کی  فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

فاسٹ بولر حسن علی کو نسیم شاہ کی جگہ ورلڈ کپ سے چند روز قبل ٹیم میں شامل کیا تھا۔ نسیم شاہ گزشتہ ماہ ایشیا کپ کے دوران کندھے کی تکلیف کا شکار ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp