اچھی فلموں کا معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ہے، مرتضیٰ سولنگی کا ڈیجیٹل فلم فیسٹیول سے خطاب

پیر 9 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے معاشرے سے عدم برداشت کے خاتمے میں فلموں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھی فلمیں معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

پیر کو اسلام آباد میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام دوسرے نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول 2023 کی تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ فلموں کا نہ صرف پرانے بلکہ دور حاضر میں بھی تاریخی کردار رہا ہے اور اچھی فلمیں تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا طریقہ سکھاتی ہیں۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نقش ڈیجیٹل فلم فیسٹیول فاطمہ جناح یونیورسٹی کی ایک اہم کاوش ہےاور یونیورسٹی کے ساتھ یو این ایف پی اے سمیت دیگر عالمی اداروں کی شراکت داری دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی قومی نشریاتی ادارہ ہے جو اس عظیم فیسٹیول میں شراکت دار ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مستفید ہو رہی ہے، نوجوانوں کو سیکھنے کا عمل جاری اور انہیں اپنی تنقیدی صلاحیتوں کو زندہ رکھنا چاہیے۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے فیسٹیول میں جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کی جبکہ رنرز اپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنانے پر فاطمہ جناح یونیورسٹی اور دیگر شراکت داروں کا مشکور ہوں، وزارت اطلاعات کے دروازے نوجوانوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور اس حوالے سے یونیورسٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp