امریکی اسٹار کائیلی جینر کو اسرائیل کے حق میں کی گئی پوسٹ کیوں ڈیلیٹ کرنا پڑی؟

منگل 10 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی سوشل میڈیا اسٹار، بزنس ویمن اور ماڈل کائیلی جینر سوشل میڈیا پر اسرائیل کی حامی بن کر سامنے آئیں تو انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اسرائیل کے حق میں انسٹاگرام پر پوسٹ کی اور پھر کچھ دیر بعد اسے ڈیلیٹ کر دیا تھا۔

کائیلی جینر نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں اسرائیلی پرچم کی تصویر تھی اور اُس پر لکھا تھا کہ اب اور ہمیشہ، ہم اسرائیل کے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کائیلی جینر نے انسٹاگرام پوسٹ کو ایک گھنٹے کے اندر ہی ڈیلیٹ کر دیا تھا کیونکہ ان کے 4 کروڑ انسٹاگرام فالوورز کی اکثریت سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔

صارفین نے کہا کہ سیاست میں مت پڑیں اور یہ نہ کہیں کہ آپ کس کی حمایت کرتی ہیں۔ فلسطین کئی برس سے مشکلات کا شکار ہے۔ ایک دوسرے صارف نے کہا کہ اگر تم صیہونیوں کے ساتھ ہو تو کیا تم بھی انسان ہو؟ بہت سے صارفین نے جوابی پوسٹ فلسطین کا جھنڈا لگا کر خاموش احتجاج کیا۔

عالمی شہرت یافتہ ماڈل میا خلیفہ نے بھی کائیلی جینر کو ان کی اسرائیل نواز پوسٹ پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جسے انہوں نے ٹرول کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد ڈیلیٹ کر دیا تھا۔

انسٹا گرام واحد سوشل میڈیا سائیٹ نہیں تھی جہاں کائیلی جینر کو ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ سینکڑوں مشتعل مداحوں نے بھی اپنی ناراضی کا اظہار کرنے کے لیے ایکس (سابقہ ٹوئیٹر) کا سہارا لیا۔ ایک صارف نے کائیلی کی لاعلمی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کائیلی جینر سے کہے کہ وہ نقشے پر اسرائیل کی نشاندہی ہی کردیں۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ کائیلی جینر کو یہ نہیں معلوم کہ مشرق وسطیٰ نقشے پر کہاں ہے لیکن وہ اپنے 4 کروڑ انسٹاگرام فالوورز کو بتا رہی ہیں کہ وہ اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہیں۔ مجھے ڈر ہے کہ سلیکون اس کے دماغ میں لیک ہو گیا ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ براہ مہربانی سب کو کائیلی جینر کو ’اَن فالو‘ کرنے کی ضرورت ہے۔

کچھ صارفین نے یہ بھی قیاس کیا کہ اس پوسٹ نے جینر اور 26 سالہ سپر ماڈل بیلا حدید کے درمیان تناؤ کو جنم دیا ہے جو فلسطینی حقوق کی دیرینہ حامی ہیں۔ حدید کے والد محمد فلسطینی ہیں۔ ایک مداح کا کہنا تھا کہ کائیلی جینر اسرائیل کی حمایت کر رہی ہیں جب کہ ان کی دوست بیلا حدید فلسطینی ہیں۔

کائیلی جینر کو اسرائیل کی حمایت میں انسٹاگرام پوسٹ کرنے اور پھر حذف کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ سب سے بدتر بات یہ ہے کہ کائیلی جینر نے اسرائیل کے حق میں کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp