ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کر کے پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افغان مسافر کو آف لوڈ کر دیا، محمد شریف نامی افغان مسافر پرواز نمبر PA170سے سعودی عرب جا رہا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر سعودی عرب کے لئے ملازمت کا ویزہ لگا ہوا تھا، مسافر امیگریشن حکام کے سوالات پر حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ مسافر اپنی جائے پیدائش اور خاندانی افراد کے حوالے سے مکمل طور پر لاعلم تھا، مسافر کے موبائل سے متعدد افغانستان کے فون نمبرز برآمد کر لئے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مسافر کے موبائل سےشناختی دستاویزات اور مختلف تصاویر بھی برآمد کر لی گئی جو افغانستان کے مختلف علاقوں میں لے گئی تھیں۔
بعد ازاں ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔