روس نے فوج کو جوہری ہتھیاروں کے تجربات کا حکم دے دیا

بدھ 22 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے فوج کو جوہری ہتھیاروں کے تجربات کی تیاری کا حکم دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے العریبیہ کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایک پیغام میں کہا کہ امریکا جوہری ہتھیاروں کا تجربہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ روسی وزارت دفاع اور اسٹیٹ نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کو روسی جوہری ہتھیاروں کے ٹیسٹ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

 جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کا معاہدہ معطل

پوٹن نے یوکرین وار کے حوالے سے مغرب کو انتباہ کیا کہ روس جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق معاہدے نیو اسٹریٹجک آرمز ریڈکشن ٹریٹی (نیو اسٹارٹ) کو معطل کر رہا ہے۔ ولادی میر پوٹن نے دوبارہ جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس ایسا کرنے والا پہلا ملک نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر امریکا جوہری تجربات کرتا ہے تو ہم بھی ایسا کریں گے۔ کسی کو بھی اس وہم میں نہیں رہنا چاہیے۔ عالمی اسٹریٹجک برابری کو تباہ کیا جا سکتا ہے۔

جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کا معاہدہ ہے کیا؟

نیو اسٹریٹجک آرمز ریڈکشن ٹریٹی امریکا اور روس کے درمیان واحد دو طرفہ جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کا معاہدہ ہے۔ 2010 سے نیو اسٹارٹ نے امریکا اور روس کو 1,550 تزویراتی جوہری وار ہیڈز اور 700 ڈیلیوری گاڑیوں تک محدود کر دیا ہے۔ یہ معاہدہ 2010 میں ہوا تھا جس پر اس وقت کے امریکی صدر براک اوباما اور ان کے روسی ہم منصب دمتری میدویدیف نے دستخط کیے تھے۔

روس اپنے مقاصد حاصل کرے گا، ولادی میر پوٹن

یوکرین پر حملے کا حکم دینے کے قریباً ایک سال بعد پوٹن نے کہا ہے کہ روس اپنے مقاصد حاصل کرے گا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مغرب اسے تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یوکرین پر روسی حملے نے گزشتہ 60 سال کے عرصے میں مغرب کے ساتھ سب سے بڑے تصادم کو جنم دیا ہے۔

انہوں نے اپنے ملک کی سیاسی اور عسکری اشرافیہ سے کہا ’’ مغرب کی اشرافیہ نے اپنا مقصد پوشیدہ نہیں رکھا لیکن وہ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ میدان جنگ میں روس کو شکست دینا ناممکن ہے۔‘‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp