پاکستان نے پولیو وائرس کو 7 اضلاع تک محدود کر دیا ہے، نگراں وزیر صحت

بدھ 11 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان نے پولیو وائرس کو جنوبی خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع تک محدود کر دیا ہے مگر آخری منزل کے حصول میں متعدد چیلینجز درپیش ہیں۔

نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے مصر کے شہر قاہرہ میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی علاقائی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خلاف بڑی پیش رفت کی ہے، رواں سال پولیو کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پاکستان نے اقدامات کرتے ہوئے پولیو وائرس کو جنوبی خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع تک محدود کردیا ہے مگر مہلک وائرس کے خاتمے کے لیے متعدد چیلنجز برقرار ہیں، سرحد پار سے وائرس کی منتقلی ایک اور چیلنج ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے آپریشنل حب قائم کیا ہے، آپریشنل حب میں تجربہ کار افراد تعینات کیے گئے ہیں جو فیصلہ سازی میں خود مختار ہیں۔

انہوں نے ڈبلیو ایچ او کمیٹی کو بتایا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے 3 اعلیٰ معیار کی مہمات یقینی بنا رہے ہیں، محسود قبیلے میں بھی 16 ہزار بچوں کو پولیو ویکسینیشن دی ہے، اگلے راؤنڈ میں مزید اقدامات کر رہے ہیں۔

نگراں وزیر صحت کے مطابق پاکستان کی جانب پاک افغان سرحد پر تمام عمرکے افراد کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے، سرحد پار سے وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے افغانستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان کے مطابق وہ پولیو مہم کی براہ راست مانیٹرنگ خود کر رہے ہیں اور تمام تر چیلنجز کے باوجود پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر ندیم جان نے پاکستان کی جانب سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے ڈبلیو ایچ او اور دیگر عالمی اداروں کی کوششوں پر ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان ڈبلیو ایچ او کی مشرقی بحیرہ روم کی علاقائی کمیٹی کے 70 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے قاہرہ میں موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp