کتنے بندے لانے پر مسلم لیگ ن کا ٹکٹ ملے گا؟

بدھ 11 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے مینار پاکستان میں سجائے جانے والے پنڈال میں قائد کی آمد و دیگر حوالوں سے تفصیلات سامنے آ گئیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ایئرپورٹ سے مینار پاکستان جلسہ گاہ آمد کے لیے 2 پلان ترتیب دیے گئے ہیں۔ ایک پلان کو اے اور دوسرے کو پلان بی کا نام دیا گیا ہے۔

نواز شریف کے قافلے کے لیے پلان اے اور پلان بی کیا ہے؟

لاہور ائیرپورٹ پر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما پارٹی قائد کا استقبال کریں گے۔ پلان اے کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو لاہور ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ لایا جائے گا۔ جبکہ پلان بی کے مطابق نوازشریف کو سڑک کے راستے براستہ مال روڈ یا رنگ روڈ سیکیورٹی کے سخت حصار میں جلسہ گاہ لایا جائے گا۔

مینار پاکستان پر جلسے کے پنڈال میں 3 منزلہ سٹیج تیار کیا جائے گا۔ پہلی منزل پارٹی قائد نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سمیت پارٹی کے  مرکزی عہدیداران کے لے مختص ہو گی۔ دوسری منزل پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور سابق وفاقی وزراء کےلیے مختص ہوگی۔ تیسری منزل پر پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے بیٹھنے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔

کتنے بندے لانے پر قومی اور صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ ملے گا؟

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنڈال میں لاہور سمیت دیگر اضلاع کے قومی اسمبلی  کے حلقوں کے نمبروں کے حساب سے الگ الگ انکلیو بنائے جائیں گے۔ پنڈال  میں خواتین ونگ، یوتھ ونگ، کسان ونگ، لائیرز ونگ، اقلیتی ونگ سمیت دیگر تمام ذیلی تنظیموں کے لیے بھی الگ الگ انکلیو مخصوص کیے جائیں گے۔

سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے حلقے کے کارکنان کے ساتھ پنڈال میں مخصوص کیے گئے انکلیو میں موجود  رہیں گے۔ پنڈال میں ہر ایک انکلیو میں 3500  سے 5500 کرسیاں لگائی جائیں گی۔ تمام ٹکٹ ہولڈرز اور سابق صوبائی اراکین اسمبلی میں سے ہر ایک کو اپنے ساتھ 3500 کارکنان کو جلسہ گاہ لانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔  جبکہ قومی اسمبلی کے سابق ارکان اور ٹکٹ ہولڈرز کو 5000 کارکنان لانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پنڈال میں مخصوص انکلیو بنا کر ہر ایک رہنما کے کارکنان کی تعداد گنی جائے گی۔ کارکنان لانے کی ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دینے والوں کی آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کنفرم کی جائے گی۔

پارکنگ کا نظام کیا ہوگا؟

مینار پاکستان جلسے میں کارکنان کی آمد کے لیے شاہدرہ اور نیازی (بتی) چوک کے راستے بیرونی اضلاع سے آنے والے قافلوں کو راوی روڈ پر پارکنگ مہیا کی جائے گی۔ ملتان روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنے والے قافلوں کو ٹیکسالی گیٹ والی سائیڈ پر پارکنگ مہیا کی جائے گی۔ مرکزی رہنماؤں کو مینار پاکستان کے عقبی گیٹ سے انٹری دی جائے گی۔

حاصل ہونے والی مزید تفصیلات کے مطابق پنڈال میں 6 بڑی ایس ایم ڈیز بھی نصب کی جائیں گی۔ مینار پاکستان کے پنڈال میں داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی لگائے جائیں گے۔ جلسہ گاہ میں پارٹی قائد کی آمد پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp