بریسٹ کینسر آگاہی: صدر کی قومی و صوبائی سربراہان کو اکتوبر میں گلابی ربن پہننے کی ترغیب

بدھ 11 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیراعظم، وزرا، سینیٹرز، صدر و وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرا اعلیٰ کو خط ارسال کیا ہے جس میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگاہی کے لیے تعاون اور اکتوبر میں گلابی ربن پہننے کی درخواست کی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق خط میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چھاتی کے کینسر پر آگاہی پیدا کرنے میں آپ کا تعاون خاطر خواہ اثر ڈال سکتا ہے۔ پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے باعث ہر سال 40 ہزار اموات ہوتی ہیں اور اس کی شرح ایشیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ زیادہ شرح اموات کی وجہ مرض کی دیر سے تشخیص ہونا ہے اور اپنا معائنہ خود کرنے کے بارے میں آگاہی سے کئی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا ہ اکتوبر کا مہینہ ہر سال چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے منایا جاتا ہے اور اس مہینے اس عارضے پر آگاہی پیدا کرکے ہم ایک صحت مند اور باخبر معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ چھاتی کے سرطان کے سدباب کے لیے دنیا بھر میں ہر سال ماہ اکتوبر’بریسٹ کینسر سے آگاہی کا مہینہ‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ سنہ 1990ء کی دہائی میں پہلی بار بریسٹ کینسر سے متعلق عوامی شعور اُجاگر کرنے کے لیے ’پنک ربن‘ مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp