ماورا حسین نے اپنے کیریئر کا آغاز کم عمری سے کیا اور جلد ہی ڈراما اور فلم انڈسٹری کا بڑا ستارہ بن گئیں۔ ماورا کئی لوگوں کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور ان کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت بھی رکھتی ہیں کیونکہ انہوں نے شوبز میں اپنی مصروفیات کے ساتھ ساتھ اپنی پڑھائی بھی جاری رکھی اور آج وہ ایک وکیل بھی ہیں۔
ماورا اپنا کاروبار بھی چلاتی ہیں اور اب وہ ایسے پروجیکٹس کا انتخاب کرتی ہیں جن میں زندگی کے سبق پوشیدہ ہوتے ہیں۔ ماورا نے اب بہت زیادہ اسپاٹ لائٹ میں رہنا چھوڑ دیا ہے اور وہ آج کل پبلسٹی سے گریز کر رہی ہیں۔ تاہم ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اپنی زندگی کے سفر کے بارے میں انسٹا گرام پر اپنی کچھ پرانی تصاویر کے ساتھ اپنے فینز سے کچھ اہم باتیں شیئر کی ہیں۔
مزید پڑھیں
ماورا نے بتایا کہ وہ گزشتہ 3 سال سے اس چھوٹی بچی (خود) پر توجہ دے رہی ہیں، اسے چکا چوند سے دور رہتے ہوئے جذباتی طور پر بہتر ہونے، آرام کرنے اور خود اپنے ساتھ رہنے اور اس روشنی کو اپنے اندر تلاش کرنے کی ضرورت تھی اور کام کو اپنے لیے تکلیف دہ بنانے کے بجائے اسے صرف انجوائے کرنے کی حد تک رکھنے کی ضرورت تھی، سب سے اہم بات یہ کہ وہ بچی کئی برسوں کے بعد صرف اور صرف اپنے گھر جانا چاہ رہی تھی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ خود کو ترجیح دینے میں شرم محسوس نہ کریں، اگر سال 2020ء نے مجھے کچھ سکھایا ہے تو وہ یہی ہے کہ میں اپنے اندر کی آواز کو نظر انداز نہ کروں، اپنی جسمانی صحت پر توجہ دوں اور صرف خوشیوں کی تلاش میں رہوں کیونکہ آخر میں اس کے علاوہ کچھ بھی اہم نہیں رہتا، ماورا نے ان تمام لوگوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جو خاموش رہ کر تکلیف برداشت کرتے ہیں۔