پاکستان کی وفاقی کابینہ نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری فوری طور پر بند کی جائے، مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور فلسطین کی 1967 سے پہلے کی حیثیت بحال کی جائے۔
آج وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد نگراں وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں نگراں وفاقی کابینہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے گھیراؤ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گھمبیر صورتحال، خوراک اور پانی کی شدید قلت جیسے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دارالخلافہ القدس الشریف
انہوں نے کہا کہ نگراں وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری بمباری روکی جائے اور ناجائز محاصرے کو ختم کر کے متاثرین تک بین الاقوامی امداد کو پہنچنے دیا جائے، مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کر کے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کی سرحدیں 1967 میں اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے پہلے کے مطابق ہوں اور اس کا دارالخلافہ القدس الشریف ہو۔
شدید سردی میں عام انتخابات کا انعقاد؟
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کی انتخابی تاریخ میں شدید ترین سردی اور شدید گرمی میں بھی انتخابات ہوتے رہے ہیں، 1970 میں پاکستان کے پہلے بالغ رائے دہی کے انتخابات دسمبر کے مہینے میں ہوئے تھے، دسمبر کی سردی جنوری کے آخری ہفتے کے مقابلہ میں زیادہ ہوتی ہے، 2008 کے انتخابات بھی جنوری میں شیڈول تھے جو بے نظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ سے فروری میں ہوئے، 2013 کے انتخابات گرمی کے موسم مئی جبکہ 2018 کے انتخابات شدید گرمی کے موسم جولائی میں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کمیشن کو الیکشن کے عمل میں تمام وسائل فراہم کرے۔
کن افغان شہریوں کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی
ایک سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایسے افغان شہریوں کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی جن کے پاس پی او آر کارڈز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی افغان حکومت نے جن افغان شہریوں کے سٹیزن شپ کارڈ جاری کئے تھے اور ان کی تصدیق کے عمل میں اس وقت کی افغان حکومت کے نمائندے شامل تھے، ان کے خلاف بھی کارروائی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ان کے لیے ہے جن کے پاس ویزا یا کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی مقیم افراد واپس جانا شروع ہو گئے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین نیب کی تعیناتی
وفاقی کابینہ نے لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج سہیل ناصر کو بطور ڈپٹی چیئرمین نیب اور سید احتشام قادر شاہ کو بطور نیب پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی تعینات کرنے کی منظوری دی، کابینہ نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے فنانشل ایڈوائزری کنسورشیم کی خدمات لینے کی بھی منظوری دی۔
صرف ضروری نوعیت کے دورے کریں
مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزرا صرف ضروری نوعیت کے غیر ملکی دورے کریں۔ کابینہ نے ریاستی ملکیتی اداروں کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے 21 اور 28 ستمبر کے اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 اکتوبر 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر بریگیڈیئر شاہد عامر افسر کو پاک چین تعلقات کے فروغ کے لیے چین کی طرف سے تفویض کردہ ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دی۔
ملزمان کی حوالگی
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین طے شدہ حوالگی کے معاہدے کے تحت فراڈ کیس میں مطلوب پاکستانی شہری ملزم شہزاد احمد ولد ولی محمد قریشی کی حوالگی کی منظوری دی، اسی طرح کویت اور پاکستان کے مابین طے شدہ حوالگی کے معاہدے کے تحت مطلوب پاکستانی شہری ارشد علی ولد مظہر علی کی حوالگی کی بھی منظوری دی۔