سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے رابطہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت میں فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اسرائیل کے فلسطین میں جنگی جرائم روکنے میں کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو ٹیلی فون کر کے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے غزہ اور گرد ونواح میں جاری کشیدگی پرتبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں
سعودی ولی عہد نے مؤقف دہرایا کہ فریقین کے درمیان کشیدگی روکنے کے لیے سعودی عرب تمام بین الاقوامی اورعلاقائی فریقین کے ساتھ رابطے کے لیے ہرممکن کوششں کررہا ہے۔
محمد بن سلمان نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کومدنظر رکھنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے غزہ کی پٹی میں حالات کی سنگینی پرگہری تشویش کا اظہارکیا۔
سعودی ولی عہد نے فلسطینی کازکی حمایت اورحصول امن کی کوششوں سے متعلق سعودی عرب کی جانب سے مؤقف دیا کہ ان کی مملکت فلسطینی عوام کے جائزحقوق کی حمایت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے 7 سال کی دشمنی کے بعد چین کی ثالثی میں طے شدہ معاہدے کے تحت رواں سال مارچ میں تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی کے بعد پہلا موقع ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد نے ایران کے صدر کو ٹیلی فون کیا ہے۔