امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی اس وقت بغیر قیادت کے چل رہا ہے، ساڑھے تین کروڑ لوگوں کو ان کا مئیر چاہئیے، ہم کراچی کے عوام کا مقدمہ ہر محاذ پر لڑیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت جماعت اسلامی ہی ہے، کراچی الیکشن چوری نہیں ہونے دیں گے، کراچی اس وقت بغیر قیادت کے چل رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے آر اوز اپنے ہی دستخط شدہ فارم سے مکر رہے ہیں، تاخیری حربے استعمال کر کے نئے فارم 11 جاری کر دئیے گئے، الیکشن کمیشن جلد از جلد کسی نتیجے پر پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام یونین کونسلز کے فارم 11 اور 12 کو محفوظ بنائے، نئے فارمز پر زبردستی انگوٹھے لگوا کر پیش کیا جا رہا ہے، بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے جو الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج اس وقت بھی تبدیل کیے جا رہے ہیں، سندھ حکومت کی زیر نگرانی آر اوز نتیجے بدل رہے ہیں،11 یونین کونسلز پر فوری الیکشن کا اعلان کیا جائے، الیکشن پراسس کو مزید تاخیر کا شکار نہ کیا جائے، ہم کراچی کا مقدمہ ہر محاذ پر لڑیں گے۔