جماعت اسلامی نے ملک میں بجلی بلوں میں ٹیکسز اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
جماعت اسلامی کی طرف سے درخواست سپریم کورٹ کے وکلا قیصر امام اور سید رفاقت حسین شاہ نے جمع کرائی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریگولیٹری اداروں نے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفّظ کے حوالے سے اپنا کردار ادا نہیں کیا ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق ریگولیٹری اداروں نے عوام پر بوجھ ڈالنے والے اداروں کو کھلی چھٹی دے دی ہے، جس کی وجہ سے عوام کی حالت زار پہلے سے ابتر ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت، وزارت توانائی اور نیپرا نے پاور سیکٹر میں ہر قسم کے استحصال کے خاتمے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ، سرچارج، ٹیکسز اور ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔
درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کے تحفّظ اور عوام کو ظلم سے بچانے کے لیے حکومت اور نیپرا کی طرف سے بجلی بلوں میں لگائے گئے ظالمانہ ٹیکسز کے معاملہ کو سماعت کے لیے منظور کیا جائے۔