پشاور میں تحریک انصاف کو فلسطین کے حق میں ریلی نکالنے سے پولیس نے کیوں منع کیا؟

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کو ہدایت جاری کرتے ہوئے پشاور پولیس نے بغیر اجازت فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلوس نکالنے پر قانونی کاروائی کا عندیہ دیا ہے۔ پولیس نے پی ٹی آئی کے قائدین سے جلوس کے لیے ڈپٹی کمشنر سے پیشگی اجازت لینے کی ہدایت کی ہے۔

آج نمازِ جمعہ کے بعد پشاور میں پی ٹی آئی نے اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پریس کلب کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکریٹری عاصم خان نے وی نیوز کو بتایا کہ کارکنان پریس کلب کے سامنے جمع ہوکر پر امن طور پر فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔

تھانہ چمکنی پولیس نے احتجاج کے اعلان کے بعد سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا، سابق ایم این اے ارباب عامر سمیت 3 رہنماؤں کے نام ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے انہیں بغیر اجازت احتجاج یا جلوس نکالنے سے منع کیا ہے۔ ’پی ٹی آئی آج جمعہ کی نماز کے بعد فلسطین کے حق میں جلوس نکال رہی ہے۔ لیکن آج کل ملکی حالات کے باعث جلسے جلوسوں پر پابندی عائد ہے۔ اور  ڈپٹی کمشنر سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہے۔‘

پولیس نے مزید لکھا ہے کہ تحریک انصاف کو بھی جلوس یا احتجاج کے لیے ڈپٹی کمشنر سے تحریری اجازت لینا ضروری ہے۔ بذریعہ تحریری نوٹس آگاہ کیا جاتا ہے کہ بغیر اجازت احتجاج غیر قانونی تصور ہو گا اور قانونی کارروائی ہوگی۔

9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد تحریک انصاف کھل کر سرگرمیاں نہیں کر رہی ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق سیاسی سرگرمیوں پر ایف آئی آر درج کرکے کارکنان اور قائدین کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے نوٹس پر تحریک انصاف کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پشاور میں فلسطین کے حق میں جلوس

مختلف جماعتوں نے آج جمعہ کی نماز کے بعد فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف نوعیت کے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ جو شہر کے مختلف مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی 3 بجے ہشت نگری میں مظاہرہ کرے گی۔

امامیہ کونسل قصہ خوانی سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالے گی جبکہ جے یو آئی ف بھی جی ٹی روڈ پر احتجاج کرے گی۔ تاہم اب تک پولیس نے پی ٹی آئی کے علاوہ کسی دوسری جماعت کو کوئی نوٹس جاری نہیں کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp