ورلڈ کپ 2023: نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ 2023 کے مقابلوں میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو بھی شکست دے دی، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے 246 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی 42.5 اوورز میں مکمل کر لیا۔

نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے 245 رنز کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کے اوپنر بیٹر راجین رویندر جلد ہی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے انہیں مستفیض الرحمٰن کی گیند پر مشفیق الرحمٰن نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا جب کہ ان کے ساتھی اوپنر بیٹر ڈیون کونوے 45 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے انہیں شکیب الحسن نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

اس کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کریز پر آئے تو انہوں نے عمدہ کھیلتے ہوئے 78 رنز اسکور کیے وہ آؤٹ نہیں ہوئے تاہم ریٹائرڈ ہرٹ (زخمی ) ہو کر میدان سے باہر چلے گئے، ان کی جگہ گلین فلپس گراؤنڈ میں آئے اور انہوں نے ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر کھیل کو ختم کیا۔

ڈیرل مچل نے جارحانہ کھیلتے ہوئے 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 89 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، گلین فلپس نے 16 رنز اسکور کیے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر 246 رنز کا ہدف بآسانی پورا کر لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمٰن اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا

بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے گیارہویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 246 رنز کا ہدف دیا ، بنگلہ دیش نے 50 اوورز کے دوران 9 کھلاڑی آؤٹ پر 245 رنز اسکور کیے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی جانب سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ، میچ کی پہلی ہی گیند پر بنگلہ دیشی اوپنر لٹن داس میٹ ہینری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تنزید حسن 17 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مہدی حسن میراز 46 گیندوں پر 30 اور نجم الحسن شنٹو 8 گیندوں پر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن 51 گیندوں پر 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مشکل حالات میں جارحانہ کھیل پیش کرنے والے مشفق الرحیم بھی 75 گیندوں پر 66 رنز بنا کر میٹ ہینری کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ توحید ہردوئے 25 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ تسکین احمد 19 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مستفیض الرحمٰن نے 10 گیندوں پر  4 رنز اسکور بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں نے میچ کے لیے ایک ایک تبدیلی کی، نیوزی لینڈ نے وِل ینگ کو ٹیم سے ڈراپ کیا  جبکہ بنگلہ دیش نے مہدی حسن کی جگہ محمود اللّٰہ کو ٹیم میں شامل کیا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ وارم اپ گیمز سے ٹیم کی اچھی تیاری ہوئی ہے، پِچ دیکھنے میں اچھی ہے دوسری اننگ میں اوس پڑ سکتی ہے۔

اس موقع پر بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کو ترجیح دیتے، ٹورنامنٹ میں آپ کچھ میچ جیتتے ہیں اور کچھ ہارتے ہیں، اس میچ میں ہم 300 تک کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ

ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں، نیوزی لینڈ نے 5 میچوں میں بنگلہ دیش کا سامنا کیا ہے اور ان تمام میچوں میں فتح حاصل کی ہے۔ ورلڈ کپ 2023 میں بھی نیوزی لینڈ اس وقت ناقابل شکست ہے۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ

نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں کین ولیمسن (کپتان)، ٹرینٹ بولٹ، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، گلین فلپس، راچن رویندرا اور مچل سینٹنر شامل ہیں۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

اسکواڈ میں شکیب الحسن (کپتان)، لٹن کمر داس، تنزید حسن تمیم، نجم الحسن شنٹو، توحید ہردوئے، مشفق الرحیم، محمود اللہ ریاض، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، حسن محمود اور شورف الاسلام شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp