اسرائیلی فوج کو مفت کھانا اور اسپیشل ڈسکاؤنٹ، ’بائیکاٹ مکڈونلڈز ‘ مہم شروع

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سمیت متعدد ملکوں میں سوشل ٹائم لائن پر امریکی ملٹی نیشنل کمپنی میکڈونلڈز کے اسرائیل چیپٹر کی جانب سے اسرائیلی فوج کو مفت کھانا فراہم کرنے کے اعلان کے بعد بائیکاٹ کی مہم چلائی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فوڈ چین میکڈونلڈ نے اسرائیلی فوج کو مفت خوراک کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے پانچ برانچیں اس کام کے لیے مختص کی ہیں جہاں سے اسرائیلی فوج کو روزانہ 4000 خوراک کے ڈبے مفت دیے جائیں گے۔

میکڈونلڈ اسرائیل کی جانب سے کی گئی ایک ٹویٹ بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہم نے 5 برانچز کھولی ہیں جو صرف سیکیورٹی اور ریسکیو فورسز کے لیے امداد اور عطیات سے متعلق ہیں۔ ہم ہر روز تقریباً 4000 کھانے عطیہ کریں گے۔

یہ پیغام وائرل ہونے کے بعد ’بائیکاٹ مکڈونلڈز‘ کی مہم شروع ہوئی تو اسرائیل میں میکڈونلڈز کے ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ پر پرائیویسی لگا کر اسے ان فالوورز تک محدود کر دیا گیا ہے جنہیں ادارہ اکاؤنٹ فالو کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

پاکستان سمیت کئی ملکوں کے صارفین اگر مکڈونلڈز اسرائیل کی ویب سائٹ وزٹ کرنا چاہیں تو وہ ویب سائٹ بھی نہیں دیکھ سکتے۔ البتہ اسرائیل، امریکہ، برطانیہ اور چند دیگر ممالک کے ویب صارفین ویب سائٹ کو ایکسس کر سکتے ہیں۔

مکڈونلڈز کی ویب سائٹ پاکستان سمیت کئی ملکوں سے ایکسس نہیں کیا جا سکتی (فوٹو: اسکرین گریب)

جن ملکوں سے ویب سائٹ تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے وہاں سے مکڈونلڈز اسرائیل کی ویب اوپن کرنے پر پیغام نمایاں ہے جس میں ’اسرائیلی فوج کے لیے ڈسکاؤنٹ‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔

مکڈونلڈز کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم نے یونیفارمڈ سیکیورٹی اور ریسکیو فورسز کے لیے ہر خریداری پر ڈسکاؤنٹ 15 سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا ہے۔‘

اعلان کے مطابق ’ہم قتل کیے گئے اہلکاروں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘

مکڈونلڈز نے اسرائیلی فوج کے لیے ڈسکاؤنٹ بھی 15 سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا ہے (فوٹو: اسکرین گریب)

’بائیکاٹ مکڈونلڈز‘ مہم چلانے والے صارفین ایسی تصاویر بھی شیئر کر رہے ہیں جن میں مکڈونلڈز کی جانب سے اسرائیلی فوج کو میکڈونلڈز کے ڈبے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

آرٹسٹ عمر ملک نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ‘ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ ہم اکثر کہتے ہیں کہ ہم فلسطین کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم کیا کریں؟ ان کا کہنا تھا ہم میکڈونلڈ کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے اسرائیلی فوج کو مفت کھانا دینے کا اعلان کیا ہے، صرف آنسو بہانے سے کچھ نہیں ہو گا بلکہ میکڈونلڈ کا بائیکاٹ کریں تاکہ ان کو ریکارڈ نقصان برداشت کرنا پڑے۔

محمد سعد لکھتے ہیں کہ ایک طرف فلسطینی عوام کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے اور دوسری جانب میکڈونلڈ اسرائیلی فوج کو مفت کھانا فراہم کر رہا ہے۔ ان کو اس اقدام پر شرم آنی چاہیے۔

https://Twitter.com/Saads_notebook/status/1712585450169204827?s=20

ایک صارف نے کہا کہ میکڈونلڈ کو فلسطینی بچوں کے قاتلوں کو مفت کھانا بھیجنا بند کرنا چاہیے۔

پاکستان سمیت مشرق وسطی کے دیگر ملکوں میں مکڈونلڈز کا وسیع کاروبار ہے۔ رہائشی وتجارتی مراکز میں قائم مکڈونلڈز کی برانچز کئی مقامات پر 24 گھنٹے کھلی رہتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp