پاک بھارت ٹاکرا: میچ سے قبل رنگا رنگ تقریب، نامور گلوکاروں کی پرفارمنس

ہفتہ 14 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت بڑے مقابلے سے قبل بڑے گلوکاروں کی آمد، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں موسیقی کی تقریب منعقد کی گئی ہے، جس میں بالی ووڈ کے معروف گلوکاوں نے اپنے سُر بکھیرے۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا نے بتایا کہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی بڑی تقریب کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، تقریب دن 12 بجکر 40 منٹ پر شروع  ہوگی اور 1 بجکر  10 منٹ پر اختتام پذیر ہوگی۔

نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمد آباد میں ہونیوالی تقریب میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، آئی سی سی، گلوبل کرکٹ باڈی اور بی سی سی آئی کے نمائندگان سمیت ایونٹ میں شامل تمام 10 ٹیموں کے کپتان بھی شرکت کریں گے۔

اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بالی ووڈ کے ان گلوکاروں کی فہرست جاری کی ہے جو پاک بھارت میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں پرفارم کریں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق گلوکار ارجیت سنگھ، شنکر مہادیون اور سکھوندر سنگھ پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل اپنی گلوکاری سے شائقین کو محظوظ کرائیں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکرٹری جے شاہ نے بھارتی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن، رجنی کانت سمیت دیگر کو میچ دیکھنے کی دعوت دی اور گولڈن ٹکٹ بھی پیش کیے۔

واضح رہے پاک بھارت شائقین اور شوبر ستاروں سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو اس ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ کے لیے روایتی افتتاحی تقریب کا انعقاد نہیں کیا تھا، لیکن انہوں نے اس معاملے کو مکمل کرنے کے لیے پاک بھارت ٹاکرے کا انتظار کیا اور آج کے دن تقریب کا انعقاد کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp