وزیر اعلیٰ بلوچستان کا تربت واقعہ کے ذمہ داروں کی گرفتاری یقینی بنانے کا حکم

ہفتہ 14 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے علاقے ضلع تربت سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی مزدوروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 مزدور جاں بحق جبکہ 2 مزدور شدید زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

محنت کشوں پر حملہ قابل مذمت، قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، انوار الحق کاکڑ

نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے تربت میں معصوم محنت کشوں پر دہشت گرد حملہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے۔

ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے اس وحشیانہ فعل کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

پولیس کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کو تربت سیٹلائٹ ٹاؤن کے ایک شخص کے گھر کی تعمیر کے لیے مزدور کام کر رہے تھے کہ نامعلوم دہشت گردوں نے ان کے گھر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رضوان ولد اللہ داد ،شہباز ولد ممتاز، وسیم ولد ممتاز، شفیق نامعلوم، نعیم ولد نامعلوم سکندر ولد رمضان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔جبکہ غلام مصطفی توحید ولد جوار خان زخمی ہوگئے ہیں۔

دہشت گردوں نے ٹھیکیدار نصیر کے گھر میں گھس کر گھناؤنا جرم کیا

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مقامی ٹھیکیدار نصیر کے زیر تعمیر گھر میں گھس کر گھناؤنا جرم کیا جس میں چھ مزدور ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔حکام نے بتایا کہ یہ حملہ تربت شہر کے سیٹلائٹ علاقے میں ہوا، جو ایران کی سرحد سے 120 کلومیٹر (75 میل) مشرق میں واقع ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا ہے۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔

نگراں وزیر اعلیٰ کی مذمت، قاتلوں کی گرفتاری یقنی بنانے کا حکم

ادھر نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی خان ڈومکی نےتربت میں 6 مزدوروں پر حملے اور قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس اندوہناک واقعہ پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ہے اور ہم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کی سختی سے تحقیقات کرنے کی ہدایت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کا حکم دیاہے۔

نا حق خون بہانے والوں کو معاف نہیں کریں گے، نگراں وزیر داخلہ

ادھر نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بلوچستان کے شہر تربت میں 6 مزدوروں کو قتل کرنے کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ نہ کسی بلوچ اور نہ کسی پنجابی نے بلکہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا ہے۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا کے بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں، ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور ناحق خون بہانے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp