ورلڈ کپ2023 کا بڑا اَپ سیٹ: افغانستان نے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دے دی

اتوار 15 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ کپ 2023 کے 13ویں میچ میں ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ افغان بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا، افغانستان نے انگلش کھلاڑیوں کو40.3 اوورز میں ہی 215 رنز پر پویلین بھیج کرورلڈ کپ کا سب سے بڑا اَپ سیٹ کر دیا ہے۔

افغانستان کے 284 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو افغان بولرز نے انہیں ابتدا میں ہی دباؤ میں رکھا، جونی بیئر سٹو کو 2 رنز پر پہلے ہی اوور میں فضل الحق فاروقی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا، اس کے بعد جلد ہی ڈیوڈ ملان کو محمد نبی کی گیند پرابراہیم زدران نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کر دیا انہوں نے 32 رنز اسکور کیے۔

اگلے ہی لمحے جوئے روٹ کو مجیب الرحمٰن نے بولڈ کر دیا، وہ محض 11 رنز ہی بنا سکے، ان کے 11 رنز میں 2 چوکے بھی شامل ہیں۔

انگلینڈ کی طرف سے سب سے عمدہ بیٹنگ ہیری بروک نے کی انہوں نے ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 66 رنز اسکور کیے، انہیں مجیب الرحمٰن کی گیند پر وکٹ کیپر اکرام علی خیل نے کیچ پکڑ کر واپس پویلین بھیج دیا، اس کے بعد انکلش ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر ٹوٹ گئی۔

ہیری بروک کے آؤٹ ہوتے ہی انگلش بلے بازوں کی لائن لگ گئی، کپتان جوز بٹلر 9 رنز بنا کر نوین الحق کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جب کہ لیام لیونگ سٹون نے 10 رنز بنائے انہیں راشد خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، سیم کرن بھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے انہیں محمد نبی کی گیند پر رحمت شاہ نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔

کرس ووکس نے 9 رنز بنائے انہیں مجیب الرحمٰن نے کلین بولڈ کیا، عادل رشید نے آ کر جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 20 رنز بنانے کے بعد راشد خان کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں شکار ہو گئے، اس طرح مارک ووڈ نے 18 اور ریس ٹاپلی نے 14 رنز اسکور کیے۔

یوں پوری انگلش ٹیم 40.3 اوورز میں 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور افغانستان نے یہ میچ 69 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا، ساتھ ہی انہوں نے دفاعی چیمپیئن کو ورلڈ کپ کے 13 ویں میچ میں مات دے کر بڑا اَپ سیٹ بھی کر دیا۔

افغانستان کی طرف سے راشد خان اور مجیب الرحمٰن نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ، 3 انگلش کھلاڑیوں کا شکار کیا، راشد خان نے اپنے 9.3 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 انگلش کھلاڑیوں کا شکار کیا، اس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی ہونے کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ جب کہ مجیب الرحمٰن نے اپنے 10 اوورز میں 51 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

افغانستان کی طرف سے تیسرے کامیاب بولر محمد نبی تھے انہوں نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فضل الحق فاروقی، نوین الحق نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 ورلڈ کپ 2023 کے 13ویں میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔جس کا  اسے خاطر خواہ فائدہ نہ ہوا، افغانستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح انگلینڈ کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف عبور کرنا ہو گا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پہلی وکٹ 114 رنز پر، دوسری اور تیسری وکٹ 122 رنز پر گری۔ افغانستان کی چوتھی وکٹ 152 رنز پر گی گئی۔ پانچویں وکٹ 174 اور چھٹی وکٹ 190 پر گری۔

اوپننگ بلے باز رحمت اللہ گرباز 57 گیندوں پر 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ ابراہیم زدران نے 48 گیندوں پر 28 رنز بنائے، رحمت شاہ 8 گیندوں پر صرف 3 رنز بنا سکے۔

عظمت اللہ عمرزئی 24 گیندوں پر 19 رنز بنا کر لونگسٹون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ حشمت اللہ شاہدی نے 36 گیندوں پر 14 اور محمد نبی نے 15 گیندوں پر 9 رنز

بنائے۔

رحمت اللہ گرباز کے بعد سب سے عمدہ اننگز اکرام علی خیل نے کھیلی، انہوں نے شاندار نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 58 رنز اسکور کیے، اسی طرح راشد خان نے 23 ، مجیب الرحمان نے 28 ، نوین الحق نے 5 اور فضل الحق فاروقی نے 2 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ عادل راشد نے کی، انہوں نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 42 رنز دے کر افغانستان کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مارک ووڈ نے 2 جب کہ ریس ٹوپلی، لیام لیونگ اسٹون اور جوئے روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے اسپنر عادل راشد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اسپنر لونگسٹون، جے روٹ اور مارک ووڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارتی شہر نیو دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ ٹیم کی قیادت جوز بٹلر اور افغان ٹیم کی قیادت حشمت اللہ شاہدی کر رہے تھے۔

انگلینڈ نے ایونٹ میں 2 میچز کھیلے اور ایک میں کامیابی حاصل کی جبکہ افغانستان نے 2 میچز کھیلے اور اسے دونوں میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ اتوار کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو شکست دے کر افغانستان نے ورلڈ کپ کے پوائنٹ ٹیبل پر اپنی پہلی جیت کے 2 پوائنٹ ثبت کر دیے ہیں۔

افغانستان اسکواڈ:

رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، محمد نبی،اکرام علی خیل،عظمت اللہ عمرزئی،راشد خان،مجیب الرحمان،نوین الحق، فضل حق فاروقی

انگلینڈ اسکواڈ:

جونی برسٹو،ڈیوڈ ملان، جوئے روٹ، جوز بٹلر،ہیری بروک،لیونگ سٹون،کرس ووکس، سیم کرن،عادل رشید،مارک ووڈ،ریس ٹوپلے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp