پولیس کا چھاپا، مراد سعید پھر چکما دیکر فرار

اتوار 15 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما مراد سعید کی گرفتاری کے لیے ان کے ٹھکانے پر چھاپا مارا گیا لیکن وہ مبینہ طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پشاور پولیس نے واقعے کی تصدیق کر دی۔

ڈی ایس پی ورسک ڈویژن ارشاد خان نے وی نیوز کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید جو انسداد دہشت گردی سمیت دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔ ان کی پشاور میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر پولیس نے چھاپا مارا تھا۔

تھانہ ناصر باغ پولیس نے ایک مقدمہ بھی درج کیا ہے کہ جس میں مراد سعید کے سالے سمیت دیگر رشتہ داروں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مراد سعید پشاور میں تھانہ ناصر باغ کی حدود میں واقع ایک گھر میں مبینہ طور روپوش تھے۔

پولیس، خواتین اہلکاروں کے ساتھ ان کی گرفتاری کے لیے گھر پہنچی تو وہاں موجود اہلخانہ نے روکارٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے گھر کی تلاشی لی تو ملزم کو گرفتار نہ کر سکی۔ ایف آئی آر کے مطابق اہلخانہ نے ان کو گرفتاری سے بچانے کے لیے فرار کرایا ہے۔

پولیس کے مطابق مراد سعید چھاپے سے چند منٹ قبل فرار ہو گئے تھے۔ جس کی شاید انھیں اطلاع ملی تھی۔ ڈی ایس پی ارشاد خان نے بتایا کہ مراد سعید مبینہ طور رشتہ دار کے گھر روپوش تھے۔ پولیس نے تلاشی کے دوران ان کے زیر استعمال کمرے سے ان کی کچھ چیزیں اور اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق چھاپے کے دوران اہلخانہ نے تعاون نہیں کیا بلکہ رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ پولیس اور لیڈی اہلکاروں کے ساتھ لڑائی کی اور گالم گلوچ کیا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اہلخانہ کی جانب سے رکاوٹ ڈالنے سے مراد سعید کو فرار ہونے کا موقع ملا۔ مراد سعید کی گاڑی بھی گھر پر تھی۔ پولیس نے مراد سعید کے رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

مراد سعید کب سے روپوش ہیں؟

9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے مراد سعید منظر عام سے غائب ہیں۔ ان کے خلاف سوات اور اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت ایف آئی آرز درج ہیں۔ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گئے تھے۔ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔

مراد سعید نے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ بھی دائر کی ہے۔ جس میں ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ صوبائی حکومت نے اس حوالے سے ایک رپورٹ جمع کروائی ہے، جس کے مطابق کے پی کے میں مراد سعید کے خلاف سوات میں ایک ایف آئی آر درج ہے۔

مراد سعید نے ہائیکورٹ میں موقف اپنایا ہے کہ حکومت سیاسی انتقام کے لیے انھیں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ اگر انھیں ضمانت مل جاتی ہے تو وہ عدالت میں مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp