کراچی میں آندھی اور بونداباندی کے بعد درجہ حرارت گرگیا

پیر 16 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کا موسم اچانک تبدیل، شہر میں  کچھ علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

مغربی ہواؤں کے سبب پاکستان کے جنوبی علاقے خصوصاً بلوچستان کے جنوب مشرقی، سندھ کے وسطی اور مغربی علاقوں میں اس وقت چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  کیرتھر رینج، اوتھل، ویندر اور بیلہ سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت کراچی میں بھی کہیں کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔

موسمیات کے ماہر اویس حیدر کے مطابق شہر قائد کراچی میں آئندہ آنے والے 2 روز کے دوران چند ایک مقامات پر بوندا باندی یا ہلکی بارش ہونے کے امکانات ہیں جبکہ اس وقت تیز آندھی اور بوندا باندی کے باعث شہر کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی کے علاقے گلشن معمار، سرجانی ٹاون اور نارتھ کراچی سے گرد آندھی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں حد نگاہ بھی کم ہو گئی ہے اس صورت حال میں محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بل بورڈز، درختوں اور پولوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے مطلع کیا تھا کہ  آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برف باری اورمیدانی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp