بارکھان واقعہ: صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران گرفتار

بدھ 22 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان پولیس نے بارکھان میں خاتون اور اس کے 2 بیٹوں کے قتل کے الزام میں صوبائی وزیر سردارعبدالرحمن کھیتران کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق صوبائی وزیر برائے مواصلات کو ضابطہ کی کارروائی پوری کرکے ڈی آئی جی پولیس آفس کوئٹہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ ملزم کو کل کرائم برانچ پولیس عدالت میں پیش کر کے تحقیقات کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

اس سے قبل بلوچستان پولیس نے ضلع بارکھان میں واقع صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی آبائی رہاش گاہ پر چھاپہ مار کر غیر قانونی اسلحہ سمیت ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق پولیس چھاپہ کی سربراہی ڈی آئی جی لورالائی سلیم لہڑی نے خود کی۔ چھاپے کے دوران ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی پولیس لورالائی سلیم لہڑی کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے مغویان کی تلاش جاری ہے۔ تمام چھاپے ان کی نگرانی میں مارے جارہے ہیں تاکہ جلد از جلد پیش رفت ہوسکے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر برائے مواصلات کے گھر پر خان محمد مری کے 5 بچوں کی بازیابی کیلئے چھاپہ مارا گیا تھا۔

’متاثرین کے خاندان کے دیگر افراد کو جلد بازیاب کرانے کے لئے اسپیشل سرچ پارٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔‘

گذشتہ ہفتے ضلع بارکھان میں ایک خاتون اور دو بیٹوں کے لاشیں برآمد ہوئی تھیں جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

ہلاک شدہ خاتون کے شوہر خان محمد مری نے الزام عائد کیا تھا کہ انکی بیوی اور سات بچے 2019 سے سردار عبدالرحمن کھیتران کی نجی جیل میں تھے جہاں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے بارکھان واقعہ کے منظر عام پر آنے کے 48 گھنٹے بعد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مقدمہ ایس ایچ او پولیس تھانہ بارکھان فدا اللہ کی مدعیت میں سردار عبدالرحمن کھیتران کے بجائے نامعلوم افراد کو نامزد کرتے ہوئے درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ورثاء کے انتظار کے باعث مقدمہ درج کرنے میں تاخیر ہوئی تاہم انتظار کے باوجود ورثاء پیش نہیں ہوئے لہذا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی وزیر عبدالرحمٰن کھیتران کے کوئٹہ میں واقع گھر پر بھی پولیس چھاپہ مارا تھا تاہم وہاں سے کسی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

’لواحقین کے مطالبے کی روشنی میں سردار کھیتران کے خلاف مقدمہ درج کر کے حراست میں لیا جائے اور انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے اور جو بھی قتل میں ملوث ہے اسے سزا دی جائے۔‘

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp