پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے کی کمی، کیا اشیائے خورونوش کی قیمتیں اور گاڑیوں کے کرائے بھی کم ہوں گے؟

پیر 16 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ پاکستان میں اس سے پہلے کبھی پیٹرول کی قیمت میں ایک ہی بار 40 روپے فی لیٹر کمی نہیں کی گئی۔

پٹرول کی قیمت میں اضافے سے مسافر بسوں اور ویگنوں کے کرائے بڑھ جاتے ہیں، ٹرینوں کے ٹکٹ، ایئر لائن ٹکٹ، مال گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

اب نگراں حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر کمی کی ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ کیا مسافر بسوں اور ویگنوں کے کرائے کم ہوں گے؟ ٹرینوں کے ٹکٹ، ایئر لائن ٹکٹ اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی ہوگی؟

نگراں حکومت نے اپنے دور کے آغاز ہی سے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنا شروع کیا۔ صرف ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں 58 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا، تاہم اب ڈالر کی قدر میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پہلے یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں کمی کی گئی اور اب 15 اکتوبر کو پٹرول کی قیمت میں تاریخی 40 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے۔

عموماً پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش، بسوں کے کرائے، ٹرین اور ایئر لائن ٹکٹس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوجاتا ہے، لیکن پٹرول کی قیمت میں کمی ہوجائے تو اس وجہ سے اشیائے کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جاتی ہے۔

گزشتہ 2 ماہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرینوں کے کرایوں میں 3 مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ آخری مرتبہ 18 ستمبر کو تمام ٹرین کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا۔

اب ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 26 روپے (8.5 فیصد) فی لیٹر کمی ہو چکی ہے۔ امید کی جا رہی کہ ڈیزل کی قیمت میں اس حد تک کمی کے بعد ٹرین کے کرایوں میں بھی کمی کی جائے گی۔

راولپنڈی اور اسلام آباد سے ملک کے دیگر حصوں میں اشیائے خورونوش سپلائی کرنے والی گڈز کمپنیوں نے وی نیوز کو بتایا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج ہی کمی ہوئی ہے، ایک دم سے کرایوں میں کمی نہیں کی جاتی، گڈز ٹرانسپورٹرز کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں زیادہ کمی نہیں کی گئی اس لیے کرایوں میں کمی کی امید بھی نہیں ہے۔

چاول اور دالوں کا کاروبار کرنے والے آڑھتیوں نے وی نیوز کو بتایا کہ گزشتہ 2 ماہ سے ذخیرہ اندوزوں اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے آپریشنز سے چاول اور دالوں کی قیمتوں میں 15 سے 25 فیصد کمی آ کی ہے، اب پٹرول سستا ہونے سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی ممکن نہیں۔

ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز نے بھی بسوں کے کرایوں میں تاحال کمی نہیں کی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ہماری گاڑیاں ڈیزل پر چلتی ہیں، اور ڈیزل کی قیمت میں زیادہ کمی نہیں کی گئی ہے، ہم نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر کرایوں میں معمولی سا اضافہ کیا تھا جس سے کمپنیوں کو کافی نقصان ہوا، تاہم اب ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں فوری کمی کرنا ممکن نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp