امریکی ریاست ٹینیسی کی سیویر کاؤنٹی میں ایک کتا 3 دن تک ایک تنگ غار میں بھوکا پیاسا پتھروں کے بیچ پھنسا رہا اور حیران کن طور پر اس غار میں اس کے ساتھ ایک ریچھ بھی موجود تھا۔ اس سے بھی زیادہ حیرانی کی بات یہ کہ اس کتے کو بچانے کے لیے 4 مختلف محکموں کے اہلکاروں پر مشتمل ایک ریسکیو ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
اس ریسکیو ٹیم کے مطابق چارلی نامی کتا سیویر کاؤنٹی کے پہاڑوں پر ایک تنگ غار میں گرا اور 40 فٹ نیچے پتھروں کے بیچ جا کر پھنس گیا۔ بیچارہ چارلی وہاں 3 دن تک پھنسا رہا۔ کتے کو بچانے کے لیے جانے والی ریسکیو ٹیم دوسرے روز اس غار تک پہنچ گئی تھی تاہم وہ کتے کو بچانے میں ناکام رہی۔
مزید پڑھیں
ہوا یوں کہ جب ریسکیو ٹیم کے دو اہلکار رسیوں کی مدد سے غار میں اترے تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ چارلی جن پتھروں کے بیچ پھنسا ہوا ہے، ان سے 5 فٹ نیچے ایک ایک 2 سالہ اور 2 سو پاؤنڈ وزنی ریچھ مزے سے سو رہا ہے۔ ریسکیو ٹیم کے ارکان نے خطرہ مول لینے سے گریز کیا اور چارلی کے بغیر ہی اس غار سے باہر نکل آئے۔
اگلے روز ریسکیو ٹیم نے غار کو کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا اور ریچھ کے جانے کا انتظار کیا۔ آخر کار ریچھ کے وہاں سے جانے کے بعد ریسکیو ٹیم کے دو اہلکار غار میں اترے اور چارلی کو زندہ سلامت اپنے ساتھ واپس لے آئے اور اسے فوراً اس کے مالک کے حوالے کر دیا گیا۔
ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ چارلی 3 دن بھوکا پیاسا غار میں پھنسا رہا تاہم اسے کوئی چوٹ نہیں آئی۔