نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ چین پہنچ گئے، پُرتپاک استقبال

پیر 16 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چین کے سرکارہ دورہ پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ بیجنگ پہنچنے پر انوارالحق کاکڑ کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ چین کے وزیر سائنس وٹیکنالوجی وانگ ژو گانگ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ اور اعلیٰ حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔

اس کے علاوہ چین کے فنکاروں نے بھی روایتی رقص کے ساتھ وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کو بیجنگ پہنچنے پر گلدستہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

وزیراعظم اپنے دورہ چین کے دوران 17 اور 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم (بی آر ایف) برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کریں گے۔

بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیراعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری ’سی پیک‘ کے تحت گزشتہ 10 برسوں میں ہونے والی ترقیاتی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اہداف اور اس کلیدی منصوبے پر پاکستان کے بھرپور تعاون کا اعادہ کریں گے۔

وزیراعظم بی آر ایف کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے علاوہ 18 اکتوبر کو عالمی معیشت میں مواصلاتی رابطوں کے موضوع پر منعقدہ اعلیٰ سطح کے فورم سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم کی چین میں چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور سی پی سی سنٹرل کمیٹی کی پولٹ بیورو کی سٹینڈنگ کمیٹی کے رکن لی شی سے ملاقات کے ساتھ ساتھ اعلی چینی قیادت اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوگی۔

وزیراعظم پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چین میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سنکیانگ اور پاکستان کے عوام کے مابین تعلقات اور کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وزیراعظم ارومچی کا دورہ کریں گے جہاں وزیراعظم وہاں کے مقامی عمائدین و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp