چیف جسٹس عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کا بلاتاخیر نوٹس لیں، پی ٹی آئی کا اعلامیہ

پیر 16 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے الزام لگایا ہے کہ چیئرمین عمران خان کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیرمین عمران خان ہر لحاظ سے ماورائے آئین و قانون حربوں کی زد میں اور انصاف کے مفلوج نظام کے رحم و کرم پر ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کے بعد سائفر مقدمے کی اب تک کی کارروائی نقائص سے بھرپور اور امتیازی و ناقص انصاف کی واضح مثال ہے۔ عدالتی کارروائی کے انداز سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ توشہ خانہ کی طرح چیئرمین عمران خان کو پہلے سے طے شدہ فیصلے کے ذریعے سزا سنانا مقصود ہے۔

اعلامیے کے مطابق نظامِ انصاف کی ظالمانہ حد تک تباہی اور عدالتوں کا بمطابق اعلامیے ’کینگرو کورٹس‘  کی زندہ مثالیں بن کر رہ جانا ریاست و سماج کے لیے نہایت مہلک اور ہیجان انگیز ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ خصوصاً سپریم کورٹ آئین کے تحفّظ اور اس میں فراہم کردہ بنیادی حقوق کی حفاظت میں افسوسناک حد تک ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ عدل و انصاف کے قیام کے بغیر پاکستان کو معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر بحرانوں سے نکالنے کی کسی تدبیر کے کارگر ہونے کا کوئی امکان نہیں۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ دستور کو فیصلہ کن حیثیت دے کر اس کے نفاذ کو اوّلین فرض کے طور پر قبول کرکے ہی ریاست کسی درست سمت کا تعیّن کرسکتی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان آئین سے انحراف اور ضمیر کے قیدی چیئرمین عمران خان کو ناقص ترین عدالتی کارروائی کے ذریعے بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کا بلاتاخیر نوٹس لیں ۔

فرخ حبیب کی پریس کانفرنس پی ٹی آئی کی سیاست سے بے دخلی کے سلسلے کا حصہ ہے

اعلامیے کے مطابق کور کمیٹی نے اجلاس کے دوران تحریک انصاف مغربی پنجاب کے سابق صدر فرخ حبیب کی 3 ہفتوں پر محیط جبری گمشدگی کے بعد پریس کانفرنس کا بھی جائزہ  لیا اور کہا کہ فرخ حبیب کی بازیابی خوش آئند ہے ، ان کی پریس کانفرنس تحریک انصاف کو سیاست سے بےدخل کرنے کے اسی ماورائے آئین و قانون سلسلے کا حصہ ہے جو پچھلے 17 ماہ سے جاری ہے۔

چہرے اور انداز بدل کر وہی گھِسا پِٹا سکرپٹ دہرانے سے قوم کو گمراہ کرنا ممکن ہے نہ سچ میں جھوٹ کی آمیزش ممکن ہوپائے گی۔ ماورائے آئین، قانون اور جمہوری ریاستی ہتھکنڈوں سے بزورِ قوت تحریک انصاف کو سیاسی عمل سے باہر کرنے کی کوششیں تحریک انصاف کی مضبوطی اور عوام میں مقبولیت کی وجہ بن رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp