اسپوٹیفائی پر کون سے پاکستانی آرٹسٹ اور گانے زیادہ اسٹریم کیے جاتے ہیں؟

بدھ 22 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم، اسپوٹیفائی (Spotify) نے گزشتہ دو برس کے دوران اسٹریم کیے گئے مواد کی تفصیل جاری کی ہے جس میں مقبول گانوں اور گلوکاروںں کے نام سامنے لائے گئے ہیں۔

پاکستان میں اسپوٹیفائی کے دو برس مکمل ہونے پر جاری کی گئی رپورٹ میں فریش ٹیلنٹ کو مواقع مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین گلوکاراؤں کو نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کے بل بورڈز پر ڈسپلے کرنے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

بدھ کو جاری کی گئی تفصیل کے مطابق اسپوٹیفائی پر گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان کی میوزک ایکسپورٹس میں 217 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مقبول پاکستانی گلوکار کون؟

میوزک پلیٹ فارم کے اسپوٹیفائی پر موجود پاکستانی گلوکاروں میں عاطف اسلم کو بیرون ملک سب سے زیادہ پسند کیا گیا ہے۔

پاکستان میں اسپوٹیفائی پر متعدد نئے نام بھی متعارف کرائے گئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

راحت فتح علی خان، نصرت فتح علی خان، شفقت امانت علی اور علی سیٹھی ان گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہیں جنہیں سب سے زیادہ اسٹریم کیا گیا اور گزشتہ دو برس کے دوران ایپ پر ان کی بین الاقوامی رسائی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔

اسپوٹیفائی کے مطابق ایپ کی جانب سے فریش فائنڈز کا سلسلہ متعارف کرایا گیا۔ یہ بنیادی طور پر پلے لسٹ کلیکشن ہے جس میں مختلف اصناف سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی بہترین آواز کو عالمی سطح پر پہچان دی گئی۔

میوزک ایپ کے مطابق اپنے کیرئیر میں گمنامی کے شکار متعدد نوجوان گلوکاروں نے فریش فائنڈز کے ذریعے پہلی بار ملکی و عالمی سطح پر شائقین میوزک کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔

اسپوٹیفائی کو پاکستان میں لانچ ہوئے دو برس ہو چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

فریش فائنڈز پاکستان پر عبدالحنان پہلے گلوکار ہیں جن کے دو گیت ’بکھرا‘ اور’ارادے‘ اسپوٹیفائی کے ٹاپ سانگز پاکستان چارٹ پر نمایاں رہے۔

عبدالحنان کا گیت ’بکھرا‘ حالیہ عرصے میں پلے لسٹ پر پہلے نمبر پر پہنچا جبکہ دوسرا گیت’ارادے‘ اسپوٹیفائی پاکستان چارٹس پر مسلسل ٹاپ تھری میں رہا۔

روالیو ان گیتوں میں عبدالحنان کے مستقل ساتھی رہے۔ انہوں نے فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کی جب کہ حسان اور روشان پہلے نمبر پر رہے۔ روزیو اور عزچغتائی ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔

اسپوٹیفائی نے مارچ 2022 کے دوران پاکستان میں خواتین موسیقاروں کے لیے ’ایکول پاکستان‘ کا خصوصی پلیٹ فارم متعارف کرایا جس کے تحت ہر ماہ مقامی گلوکارہ کو اس مہینے کی ایمبیسڈر کے اعزاز سے نوازا جاتا اور نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر ڈیجیٹل بل بورڈ پر دنیا کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں اسپوٹیفائی پر گزشتہ دو برس میں مقبول رہنے والے آرٹسٹوں کے نام سامنے لائے گئے ہیں (فائل فوٹو)

ایپ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’پاکستان کی پہلی گریمی اعزاز کی حامل عروج آفتاب سے لیکر شائے گل اور مشہور زمانہ گیت ’پسوڑی’ کے ساتھ ساتھ اسپوٹیفائی ملک میں بعض خواتین گلوکاروں کے میوزک کیرئیر کے لیے بڑی تبدیلی کا باعث بنا ہے۔‘

میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے اعداد و شمار کے مطابق شائے گل تیزی سے مقبولیت حاصل کرنے والی نئی گلوکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

رپورٹ میں یہ دعوی بھی کیا گیا ہے کہ سال 2022 کے دوران پاکستان میں اسپوٹیفائی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ رہی۔

‘پسوڑی‘ مقامی سطح پر سب سے زیادہ اسٹریمنگ والا گیت رہا جس کے بعد ’بکھرا‘ اور ’ارادے‘ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp