پاکستان کے لیے چین سے زیادہ کوئی رشتہ اہم نہیں، نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ

منگل 17 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے چین سے تعلقات سے زیادہ کوئی رشتہ اہم نہیں ہے۔ پاکستان کسی کو بھی چین سےگہرے تعلقات متاثر نہیں کرنے دےگا۔ سی پیک کی بدولت گزشتہ 10 سال میں پاکستان کا منظرنامہ تبدیل ہوا ہے۔

نگراں وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ نے بیجنگ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) پر منعقدہ راؤنڈ ٹیبل اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چینی اسکالرز، تعلیمی اداروں و تھنک ٹینکس کے محققین نے شرکت کی۔ نگراں وزیراعطم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین لازوال دوستی ہر موقع پر ثابت قدم رہی ہے۔ انقلابی منصوبہ سی پیک، پائیدار ترقی کے قومی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے۔

وزیرِاعظم نے سی پیک کے حوالے سے پاکستان کے علاقائی روابط اور پائیدار ترقی کے فروغ کے ویژن کا اظہار کیا اور گزشتہ 10 برس میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سی پیک کے مثبت کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیرِاعظم نے پاک چین دیرینہ دوستی اور اسٹریٹیجک شراکت داری میں کلیدی کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاک چین دوستی باہمی تعاون اور احترام پر مبنی ہے۔

گزشتہ 10 برس میں سی پیک پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے کامیابیوں، اس عمل کے دوران حاصل شدہ اسباق اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے لائحہ عمل پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے سی پیک کو خوشحالی، روزگار، روابط اور گرین ترقی پر مشتمل راہداری میں بدلنے پر اتفاق کیا ہے۔

انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سی پیک نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا۔ ان منصوبوں سے ہماری نوجوان آبادی کو ترقی کے مواقع ملیں گے۔ روزگار کے مواقع، غربت میں کمی اور دیہی ترقی میں سی پیک نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ سی پیک نے پسماندہ کمزور طبقے کی سماجی، اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کی۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے جاری بیان کے مطابق چینی اسکالرز اور محقیقین نے اپنے تاثرات میں سی پیک کو ’بی آر آئی‘کے تحت پاکستان اور چین کے مابین بہترین شراکت داری قرار دیا۔ انہوں نے چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان کے خصوصی سرمایہ کاری زونز میں سرمایہ کاری کی گہری دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا جس سے سی پیک کی ترقی اور علاقائی روابط اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہوگا۔

راؤنڈ ٹیبل اجلاس کے تمام شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی کوششوں سے سی پیک نہ صرف علاقائی تجارت و روابط میں مرکزی حیثیت حاصل کرلے گا بلکہ یہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے مابین تعلقات کو بھی فروغ دیگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp