ورلڈ کپ 2023: افغانستان اور نیوزی لینڈ آج چنئی میں آمنے سامنے ہوں گے

بدھ 18 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 16ویں میچ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان آج چنئی کے متھیا انامالائی چدمبرم اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گے۔ پاکستانی وقت کےمطابق دن 1 بجے ٹاس ہوگا اور 1:30 بجے میچ کا آغاز ہوگا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ابھی تک ورلڈ کپ کے دوران کوئی میچ بھی نہیں ہاری، اور اپنے ابتدائی 3 میچوں میں لگاتار جیت حاصل کرتے ہوئے اپنی مہم کا آغاز متاثر کن انداز میں کیا۔ نیوزی لینڈ ان تینوں ٹیموں نیدرلینڈ، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کو ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر برآجمان ہے۔

افغانستان اپنے ورلڈ کپ کے 3 میچوں میں سے 2 میچ ہار چکا ہے۔ انڈیا اور بنگلہ دیش سے ہارنے کے بعد اپنے تیسرے میچ میں افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو اپ سیٹ کر دیا اور 69 رنز سے شکست دی۔ جس کے بعد افغانستان پوائنٹس ٹیبل پر 6 چھٹے نمبر پر آگیا۔

کین ولیمسن کی انجری

کین ولیمسن انگوٹھا زخمی ہونے کے باعث ورلڈ کپ کے آئندہ میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے ان کی جگہ ٹام بلنڈل متبادل کے طور پر بھارت پہنچیں گے۔

رپورٹ کے مطابق کین ولیمسن کو بنگلہ دیش کے خلاف چنئی میں رن مکمل کرتے ہوئے بائیں انگوٹھے میں غیر منقطع فریکچر کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولمسن نے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلا تھا، اس سے قبل بھی وہ انجری کا شکار تھے۔

ورلڈ کپ ہیڈ ٹو ہیڈ

ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان صرف 2 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آئے ہیں۔ دونوں میچز میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دی۔

موسم کا احوال

محکمہ موسمیات کے مطابق چنئی میں موسم خوشگوار ہے اور 10 فیصد بارش کا امکان ہے۔ تاہم نمی 71 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ

نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، وکٹ کیپر کپتان ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

افغانستان کا اسکواڈ

افغانستان کے اسکواڈ میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، کپتان حشمت اللہ شاہد، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل حق فاروقی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp