تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آج دوسرا روز ہے ۔ پی ٹی آئی پشاور کے رہنما اور کارکنان آج گرفتاریاں دیں گے ۔
سابق سپیکر اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کل پشاور میں جیل بھرو کے حوالے سے خصوصی پیغام جاری تھا ۔
اسد قیصر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پشاور میں جیل بھرو تحریک کا دوسرا دن ہوگا اور ہم گرفتاریاں پیش کریں گے۔ میں دیگر قائدین کے ساتھ وہاں موجود ہوں گا۔
اسد قیصر کا مزید کہنا تھا جیل بھرو تحریک پاکستان کو قانون کی حکمرانی کی طرف گامزن کرنے کی ضمانت ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ قوم اس تحریک میں ہمارا بھرپور ساتھ دے گی۔
پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کا آغاز گذشتہ روز لاہور سے ہوا تھا ۔ جس میں تحریک انصاف کے قریباً 81 افراد کو گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا ۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ جیل بھرو تحریک کے پہلے مرحلے میں700 لوگ گرفتار ہوئے۔
#جیل_بھرو__زندان_بھرو تحریک کے پہلے مرحلے میں سات سو لوگ گرفتار ہوئے لیکن صرف اکاسی کے لگ بھگ گرفتاریاں Formalize کی گئیں۔۔باقی لوگ یا تو رہا ہو گئے یا مختلف تھانوں میں ہیں، ابھی مکمل معلومات حاصل کر رہے ہیں کہ کس کارکن کو کہاں رکھا گیا۔۔ بہرحال خوف کا بت ٹوٹ چکا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 22, 2023
ان کا مزید کہنا تھا کہ باقی لوگ یا تو رہا ہو گئے یا مختلف تھانوں میں ہیں۔ ابھی مکمل معلومات حاصل کر رہے ہیں کہ کس کارکن کو کہاں رکھا گیا۔ بہرحال خوف کا بت ٹوٹ چکا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ آبادی والے شہر سے جیل بھرو تحریک کے لیے 300 سے 400 لوگ جمع ہوئےتھے۔ حکومت نے 500 افراد کی گرفتاری کا بندوبست کر رکھا تھا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تین گاڑیوں میں 80 کے قریب لوگ بیٹھے جنہیں حراست میں لیا گیا ۔
یاد رہے گزشتہ شب ڈپٹی کمشنر پشاور نے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی ۔ کہا گیا تھا پانچ افراد کے ایک ساتھ اکٹھے ہونے پر پابندی عائد ہے۔ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جیل بھرو تحریک کے حوالے سے اگر کوئی گرفتاری دینا چاہے تو قریبی ڈی سی آفس، اے سی آفس یا پولیس اسٹیشن میں آ جائے۔