غزہ کے اسپتال پر حملہ یا دھماکا؟

بدھ 18 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر کے العہلی اسپتال کو نشانہ بنایا گیا جہاں اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والے شہریوں کو طبی امداد کے لیے لایا جا رہا تھا۔

غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 500 سے زائد فلسطینی شہید، سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں اور اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

متضاد دعوے

حماس

حماس کا کہنا ہے کہ اس حملے کی ذمہ دار اسرائیلی فوج ہے، حماس کے سیاسی ونگ کے  قائد اسماعیل ہنیہ نے غزہ کے ایک اور ہسپتال کو ہدف بنا کر کی  گئی اسرائیلی بمباری کا ذمہ دار براہ راست امریکا کو قرار دیا ہے۔

 اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ یہ امریکا ہے جس نے اسرائیل کو پوری طرح سہارا اور تحفظ دے رکھا ہے۔ اس وجہ سے وہ اندھا دھند کبھی گھروں، مسجدوں، سکولوں اور کبھی اسپتالوں پر بھی بمباری کر رہا ہے۔ فلسطینیوں کے اس قتل عام کی اسرائیلی کارروائی سے صاف نظر آرہا ہے کہ ہمارا دشمن درحقیقت اپنی شکست دیکھ چکا ہے اور بوکھلا کر ایسا کر رہا ہے۔

اسرائیل

 اسرائیل نے فلسطینی گروہ اسلامی جہاد پر اس حملے کا الزام عائد کیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ  العہلی  ہسپتال پر اس( اسرائیل) نے حملہ نہیں کیا بلکہ وہ غزہ ہی سے داغے گئے ایک راکٹ کا نشانہ بنا  تاہم اسلامی جہاد نے ان الزامات کو سختی سے جھوٹ  قرار دیا ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن جو مسلسل اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کر رہے ہیں، بھی غزہ کے العہلی اسپتال پر ہونے والے سانحہ پرغم زدہ ہوئے تاہم انہوں نے اس سانحے کو حملے کے بجائے دھماکے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

امریکا

امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے ’میں غزہ کے العہلی عرب اسپتال میں ہونے والے دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ہولناک جانی نقصان پر شدید غمزدہ ہوں۔ اس خبر کو سنتے ہی، میں نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو سے بات کی اور اپنی قومی سلامتی کی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں معلومات اکٹھا کرتے رہیں کہ اصل میں کیا ہوا ہے‘۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا تنازعات کے دوران شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے واضح طور پر کھڑا ہے۔ ہم اس سانحے میں جاں بحق یا زخمی ہونے والے مریضوں، طبی عملے اور دیگر بے گناہوں کے لیے سوگوار ہیں‘۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا، ‘اسرائیلیوں نے واضح طور پر اس بات کی تردید کی ہے کہ ان کا اس سے کوئی تعلق ہے۔’ انہوں نے کہا کہ امریکا اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ غزہ شہر کے اسپتال میں بڑا دھماکہ اسرائیل کی وجہ سے نہیں ہوا۔

اسرائیل ثبوت فراہم کرے: روس

روس کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ غزہ کے ایک اسپتال پر حملہ ہوا جس میں سینکڑوں فلسطینیوں کی موت واقع ہوئی، یہ ایک چونکا دینے والا جرم تھا۔ اور اسرائیل کو یہ ثابت کرنے کے لیے سیٹلائٹ تصاویر فراہم کرنی چاہیے کہ وہ اس حملے میں ملوث نہیں تھا۔

یورپی یونین

یورپی یونین کی صدر ارسولا وونڈر لین نے کہا ہے کہ میں العہلی ہسپتال پر حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد سے دکھی ہوں۔ طبی عملے اور شہریوں سے بھرے ہسپتال کو مارنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ تمام حقائق کو سامنے لانا ہو گا اور ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔

عالمی میڈیا نے اسرائیلی دعوے کو جھوٹا قرار دے دیا

سعودی عرب، ترکی، ایران، مصر، قطر، اردن، فرانس اور کینیڈا سمیت عالمی برادری کی جانب سے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے وحشیانہ جنگی جرائم روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp