وزیراعظم پاکستان کی چین میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، اہم امور پر تبادلہ خیال

بدھ 18 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ نے اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصب اسرائیل کے جنگی جرائم اور معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے فوری طور اپنا کردار ادا کریں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بدھ کو بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شریک عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کی اور ان سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔

انتونیو گوتریز سے ملاقات

وزیرِاعظم نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریز سے ملاقات میں عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیرِ اعظم نے اسرائیل کی جانب سے غزہ ہسپتال پر حملے اور ایک ہی دن میں حملوں کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کو انسانیت سوز اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیا۔

وزیرِاعظم نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت کی اور فوری جنگ بندی کے ساتھ ساتھ متاثرین تک امداد کی ترسیل پر زور دیا۔ انہوں نے نہتے اور معصوم فلسطینیوں کے خلاف غاصب اسرائیل کے جنگی جرائم روکنے کیلے اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں سے فوری طور پر اسرئیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کے قتلِ عام کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

چینی وزیراعظم سے ملاقات

دریں اثنا، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ سے بھی ملاقات کی  اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے اعادہ کرتےہوئے سیاسی، اقتصادی، تعلیمی، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافتی اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر نگران وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے مضبوط اور دیرینہ پاک چین تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پوری دنیا کے لیے اہم ہے، نگراں وزیراعظم

وزیرِاعظم نے چینی قیادت کو تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم (بی آر ایف) کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی وسعت کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ مواصلاتی روابط اور مشترکہ خوشحالی کی بدولت پوری دنیا کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

سی پیک کا نیا دور

وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی پاکستان کی معیشت کے لیے اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک اپنی تعمیر کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے جس میں صنعتی ترقی، روزگار کی فراہمی کے منصوبے، معدنیات، آئی ٹی اور زراعت کی ترقی شامل ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور صنعتی استعداد بڑھے گی۔ وزیرِ اعظم لی کی چیانگ نے پاک چین تعلقات کے فروغ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیراتی و ترقی کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کی ہم آہنگی دونوں ممالک کے مابین تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دے گی۔ دونوں وزرائےاعظم چین اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔

ان شعبوں میں کامرس، مواصلات (ایم ایل ون )، غذائی تحفظ و تحقیق، میڈیا تبادلے،خلائی تعاون، پائیدار شہری ترقی، صنعتی تعاون، افرادی قوت کی استعداد میں اضافے، معدنیات کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور ویکسین بنانے کے شعبے شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp