واجبات ادائیگی کے بعد پی آئی اے کا متاثرہ فلائٹ آپریشن کل سے بحال ہونے کا امکان

بدھ 18 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو واجبات کی مد میں 10 کروڑ روپے ادا کیے جانے کے بعد امید پیدا ہوگئی ہے کہ پی ایس او کی جانب سے واجبات کی عدم فراہمی کے سبب پی آئی اے کو فیول کی عدم فراہمی کے نتیجے میں گزشتہ 2 روز سے متاثر فلائٹ آپریشن بحال ہو جائے گا۔

اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے اطہر حسن اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل اور پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے درمیان مالی معاملات خوش اسلوبی سے جاری ہیں، 2 دن کے متاثرہ فلائٹ آپریشن کے مسافروں کو متبادل فلائٹ کے ذریعے سروس دیں اور ری فنڈ بھی فراہم کیا۔

کُل کتنی پروازیں منسوخ ہوئیں؟

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی آج 16 انٹرنیشنل اور 8 ڈومیسٹک فلائٹس منسوخ ہوئیں ، 18 اکتوبر کو کُل 24 پروازیں منسوخ کی گئیں ہیں۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے کی 90 فیصد پروازوں کا شیڈول کل سے معمول کے مطابق ہوجائیگا، پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن نے پی ایس او کو آج بھی 10 کروڑ روپے فیول کی مد میں ادا کیے ہیں۔

برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال ہونے کا امکان

اطہر حسن اعوان کے مطابق پی آئی اے کل سے پی ایس او کو فیول کی مد میں 15 کروڑ روپے ادا کرے گا، برطانیہ کی ٹیم اگلے ماہ پاکستان پہنچے گی،سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے معاملات کا جائزہ لیا جائیگا، برطانیہ ٹیم کے دورے سے قوی امکان ہے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن برطانیہ کے لیے دوبارہ بحال ہوجائیگا۔

حج فلائٹ آپریشن کی مد میں 600 ملین روپے جلد ملنے کی توقع

ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ وزارت مذہبی امور سے حج فلائٹ آپریشن کی مد میں 600 ملین روپے جلد ملنے کی توقع ہے، پی آئی اے کے پاس فلائٹ آپریشن کے لیے کُل 31 طیارے ہیں جبکہ 20 طیارے اس وقت فلائٹ آپریشن کا حصہ ہیں۔

پرائیوٹائزیشن کمیشن کو ڈیٹا کی فراہمی

اطہر حسن اعوان کے مطابق انڈونیشیا سے پی آئی اے کے 2 طیارے بھی جلد فلائٹ آپریشن میں شامل ہوجائیں گی، پی آئی اے انتظامیہ پرائیوٹائزیشن کمیشن کو مسلسل ڈیٹا فراہم کررہی ہے۔

پس منظر

واضح رہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) کو فیول کی فراہمی میں روک دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں پی آئی اے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا تھا۔

پی آئی اے نے ملک بھر میں آج 24 پروازیں منسوخ کیں جن میں 16 بین الاقوامی اور 8 ڈومیسٹک پروازیں ہیں۔ جب کہ کچھ پروازوں کی روانگی کے اوقات میں ردو بدل کیا گیا۔ پروازوں کی منسوخی سے پی آئی اے کو 50 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp