کرکٹ ورلڈ کپ، بنگلہ دیش اور بھارت آج پونے میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش مینز کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کا اپنا پہلا ایک روزہ میچ آج کھیلے گی۔ اگرچہ بھارت کا بنگلہ دیش کے خلاف ریکارڈ شاندار ہے مگر بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف آخری 05 ایک روزہ میچز میں سے 03 میچز جیت رکھے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے مابین میچ مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، پونے میں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے کھیلا جائے گا۔

مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، پونے

 

بھارت نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں اب تک آسٹریلیا، پاکستان اور افغانستان کو شکست دے رکھی ہے جبکہ بنگلہ دیش نے اب تک میگا ایونٹ میں صرف ایک کامیابی حاصل کی ہے۔

اس ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھا جا سکتا کیونکہ اب تک ہونے والے 16 میچز میں 02 اپ سیٹ ہو چکے ہیں۔ افغانستان کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دی ہے جبکہ نیدر لینڈز نے جنوبی افریقہ کو پچھاڑا ہے۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل

کرکٹ ورلڈ کپ کی پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کی خاصی دلچسب نظر آتی ہے۔ بھارت اب تک اپنے سارے میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 06پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ان کا نیٹ رن ریٹ 1.821+ ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم ایک میچ جیت کر 06 ویں نمبر پر موجود ہے۔

پچ رپورٹ

مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم ، پونے کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہو گی اس پچ میں بولرز کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔ اگر بولرز نے رنز بچانے ہیں تو لائن اور لینتھ میں کڑے نظم اور ضبط کو قائم رکھنا ہوگا۔ اس پچ پر کھیلے گئے آخری 10 ایک روزہ میچز کا اوسط اسکور 309 رنز ہے۔ جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دے گی، اس میدان میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کی جیت کی اوسط 57 فیصد ہے۔

موسم کی صورتحال

پونے میں آج درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 41.1 فیصد ہو گا۔

ہیڈ ٹو ہیڈ ایک روزہ میچز کا ریکارڈ

بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین اب تک 40 ایک روزہ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے بھارت نے 31 میچز جیت رکھے ہیں جبکہ 08 میچز میں بنگلہ دیش نے کامیابی سمیٹی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔

ایک روزہ میچز میں اسکور کا ریکارڈ

بھارت نے اپنی ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ویسٹ انڈیز کے خلاف 418 رنز بنا رکھا ہے جبکہ ان کا سب سے کم اسکور سنہ 2000 میں سری لنکا کے خلاف 54 رنز ہے۔

بنگلہ دیش کا اب تک سب سے بڑا اسکور آئر لینڈ کے خلاف 349 رنز ہیں جبکہ سب سے کم اسکور ویسٹ انڈیز کے خلاف سنہ 2011 میں 58 رنز ہے۔

بھارت کا اسکواڈ

روہت شرما (کپتان)، ہارڈک پانڈیا ، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندرا جدیجا، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادو، محمد شامی، روی چندرن ایشون، ایشان کشن، سوریا کمار یادیو۔

بنگلہ دیش کا اسکواڈ

شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، تنزید حسن تمیم، نجم الحسن شانتو ، توحید ہردوئے، مشفیق الرحیم، محمود اللہ ریاض، مہدی حسن میراز، نسم احمد، شک مہدی حسن، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، حسن محمود، شورفل اسلام، تنزیم حسن ثاقب۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp