ورلڈ کپ 2023: بھارت نے بنگال ٹائیگرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت نے ورلڈ کپ 2023 کے 17 ویں میچ میں نا قابل شکست رہتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر اپنا چوتھا میچ بھی جیت لیا، بھارتی ٹیم نے بنگلہ دیش کے 257 رنز کا ہدف بآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر41.3 اوورز میں مکمل کر لیا۔

بھارتی ٹیم کی خاص بات اوپنرز بیٹر کی شاندار اننگز تھی، روہت شرما اور شُبمان گِل نے اننگز کا عمدہ آغاز کرتے ہوئے 88 رنز کی شراکت قائم کی تاہم روہت شرما نصف سنچری اسکور نہ کر سکے اور حسن محمود کی گیند پر توحید ہردوئے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شبمان گِل تھے انہوں نے 53 رنز اسکور کیے، انہیں مہدی حسن میراز کی گیند پر محمداللہ نے کیچ آؤٹ کیا، شریاس آئیر 19 رنز ہی بنا پائے کہ انہیں بھی مہدی حسن میراز کی گیند پر محمد اللہ نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کر دیا۔

 پہلی وکٹ کے نقصان پر ویرات کوہلی کریز پر آئے تو انہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے6 چوکوں اور 4 چھکے کی مدد سے 97 گیندوں پرسنچری مکمل کرتے ہوئے 103 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ وہ بھارت کی جانب سے ٹاپ اسکور بھی رہے۔ کے ایل راہول نے 34 گیندوں پر 34 رنز اسکور کیے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔ بھارت اپنا چوتھا میچ بھی جیت گیا اور اس طرح وہ پوائنٹ ٹیبل پر بدستور سرفہرست ہے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ مہدی حسن میراز نے کی انہوں نے اپنے 10 اوورز میں 47 رنز دے کر بھارت کے 2 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حسن محمود نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے پونے میں کھیلے جانے والے سترہویں میچ میں بنگلہ دیش نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 8 کھلاڑی آؤٹ پر 256 رنز بنائے، کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ لٹن داس نے 66 رنزاسکور کیے۔

بھارت کے بولنگ اٹیک کا پر اعتمادی سے سامنا کرتے ہوئے بنگلہ دیشی اوپنرز تنزید حسن اور لٹن داس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں  91 رنز جوڑ لیے تھے تاہم 14 ویں اوور میں تنزید حسن اپنی نصف سینچری بنانے کے بعد بھارت کے پہلے چائنا مین بولر کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ 110 کے مجموعی اسکور پر گری، نجم الحسن شانتو 17 گیندوں پر 8 رنز بنا کر جڈیجہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ تیسری وکٹ 129 کے مجموعی اسکور پر گری، مہدی حسن میراج زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک سکے اور 13 گیندوں پر 3 رنز بنا کر محمد سراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اوپننگ بیٹر لٹن داس، رویندرا جڈیجہ کی گیند پر شبمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، یوں بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ 137 کے مجموعی اسکور پر گرگئی۔ پانچویں وکٹ توحید ہردوئے کی گری جنہوں نے 35 گیندوں پر16 رنز بنائے اور شردل ٹھاکر کی گیند پر شبمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی چھٹی وکٹ 201 رنز پر گری، مشفق الرحیم نے 46 گیندوں پر 38 اسکور کیے اور جسپریت بھمراہ کی گیند پر جڈیجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ نسوم احمد 18 گیندوں پر 14 رنز بنا کرمحمد سراج کی گیند پر کے ایل راہول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔  بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ 233 کے مجموعی اسکورپر گری۔

محمد اللہ 36 گیندوں پر 46 رنز بنا کر بھمراہ کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے، بنگلہ دیش کی آخری وکٹ 248 کے مجموعی اسکور پر گری۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجہ، جسپریت بھمراہ اور محمد سراج نے 2،2 جبکہ شردل ٹھاکر اورکلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کا سترہواں میچ بھارت کے شہر ممبئی میں کھیلا جارہا ہے جہاں مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسین شنتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نیوزی لیںڈ کیخلاف میچ میں اپنی انجری کے باعث آج اپنی ٹیم کی قیادت کے لیے دستیاب نہیں ہیں، ٹاس ہارنے کے بعد بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ یقیناً اس پچ پر بولنگ کرنا ہی پسند کرتے کیونکہ اب تک ورلڈ کپ میں پہلے بولنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے اس ورلڈ کپ میں مسلسل کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھا ہوا ہے۔

بھارتی کرکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے تاہم بنگلہ دیشی ٹیم کے زخمی کپتان شکیب الحسن کی جگہ نصوم احمد جبکہ تسکین احمد کی جگہ حسن محمود ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

بنگہ دیشی کپتان نجم الحسن کا کہنا تھا کہ پچ تازہ اور موسم بہترین ہے لہذا ان کی کوشش ہوگی کہ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور بورڈ پر زیادہ سے زیادہ رنز پوسٹ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو اچھا ہدف دیا جائے۔

بھارت کا بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میچ کے فارمیٹ میں فتح کا بہت مضبوط ریکارڈ ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم نے مجموعی طور پر 40 میچوں میں 31 میچ میں بنگلہ دیش کو شکست سے ہمکنار کیا ہے جبکہ ایک میچ کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

ورلڈ کپ کے عالمی اسٹیج پر بھارت نے بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے 4 میں سے 3 میچز میں فتح کا مزہ چکھا ہوا ہے۔ ان کی واحد سنسنی خیز شکست 2007 کا واقعہ ہے، جس میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔

2019 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے آخری ورلڈ کپ کے بعد 50 اوور کے فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے چار میچوں میں بنگلہ دیش نے ہندوستان کو تین بار شکست دی ہے، جس میں ان کی وہ فتح بھی شامل ہے جو حال ہی میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2023 میں بھارت کو دھول چٹانے کی صورت میں سامنے آئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp