بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم کو 3 بار سزائے موت کا حکم

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور میں 8 سالہ معصوم بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے اور اس کی لاش جلانے والے شخص کو عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 3 بار موت کی سزا سنا دی جبکہ مجرم کو 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن کی خصوصی عدالت کی جج حنا مہوش نے 8 سالہ معصوم بچی کو قتل کرنے اور اس کی لاش کو جلانے کے  مجرم آصف رضا عرف ملک کو 3 بار سزائے موت دینے کا حکم دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ آصف رضا عرف ملنگ نے 8 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر بچی کو بے دردی سے تشدد کرکے قتل کر دیا، مجزم نے بچی کی شناخت اور قتل کے شواہد مٹانے کے لیے بچی کی لاش کو جلا دیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم پر بغیر شکوک وشبہات کے جرم ثابت ہو گیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو 3 بار موت کی سزا سنائی ہے جبکہ دیگر دفعات میں 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے، عدالتی فیصلے کے بعد پولیس نے مجرم کو جیل منتقل کر دیا۔

واقعہ کب پیش آیا؟

افسوسناک واقعہ پشاور کے نواحی علاقے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں نومبر 2020 میں پیش آیا تھا۔

پولیس کے مطابق بڈھ بیر کے رہائشی نے پولیس کو 8 سالہ بچی کی گمشدگی کی رپورٹ دی تھی۔ جبکہ بچی کی لاش دوسرے روز مقامی قبرستان سے ملی تھی جو جلی ہوئی اور نا قابل شناخت تھی۔

پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تفتیش شروع کی، واقعے کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج بھی کیا تھا اور کوہاٹ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرکے مجرم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس نے واقعے کے کچھ دن بعد مجرم کو گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش جرم کا اقرار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ مجرم نے بچی کو پہلے ہوس کا نشانہ بنایا اور گرفتاری کے ڈر سے بدترین تشدد کرکے قتل کیا جبکہ لاش قبرستان میں پھینک کر آگ لگا دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp