مینار پاکستان جلسے میں لوگوں کی تعداد لاکھوں میں ہو گی، راولپنڈی سے 3 ہزار کا قافلہ جائے گا، حنیف عباسی

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے استقبال کے لیے صرف پنجاب نہیں پورے پاکستان میں تیاریاں ہو رہی ہیں، مینار پاکستان پر نواز شریف کے استقبالی جلسے میں لوگوں کی تعداد اب ہزاروں میں نہیں لاکھوں میں ہو گی۔

وی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں حنیف عباسی نے کہا کہ لوگوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ درپیش ہے، راولپنڈی شہر سے 3 ہزار لوگوں کا قافلہ جلسے میں شرکت کے لیے 21 اکتوبر کی صبح ساڑھے 9 بجے لاہور روانہ ہو گا۔

مزید پڑھیں

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان میں جو بھی جلسے ہوئے انہوں نے تاریخ رقم کی، یہ استقبالی جلسہ اس کے آگے کی بات ہے، بہت بڑا اور تاریخی شو ہو گا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ جب نواز شریف ملک کا وزیراعظم ہوتا ہے تو ملک کے انفراسٹرکچر میں بہت بہتری آتی ہے، 2016 کی مثال موجود ہے جب نواز شریف نے آئی ایم ایف کو”Good Bye” کہا تھا، نواز شریف نے ملک کو 14 ہزار میگا واٹ بجلی دی، ہزاروں کلومیٹر پر موٹرویز کے جال بچھائے۔ پاکستان جب جب مشکل میں پھنسا ہے نواز شریف نے ہی اسے نکالا ہے۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ہر شخص کی طرح سیاست دان کی بھی ایک سی وی ہوتی ہے، 3 مرتبہ کے وزیراعظم نواز شریف کے پاس پاکستان کو چلانے کا جو تجربہ ہے وہ کسی کے پاس نہیں، نواز شریف چین، امریکا، یورپ، مڈل ایسٹ، ترکیہ اور سب ممالک کو ساتھ لے کر چلتا ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی آسمانوں کو چھوتی ہے جب نواز شریف وزیراعظم ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp