’ہے فخر ہمارا نواز شریف‘، مسلم لیگ ن نے نیا ترانہ لانچ کر دیا

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، 21 اکتوبر کو نواز شریف اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔

نوازشریف کی وطن واپسی سے قبل مسلم لیگ ن نے نیا ترانہ ’ہے فخر ہمارا نواز شریف‘ لانچ کر دیا ہے۔

پارٹی ترانے کی لانچنگ کے موقع پر تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز، سیکریٹری جنرل احسن اقبال اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

نواز شریف واپس آ کر رکے ہوئے کام دوبارہ شروع کریں گے، شہباز شریف

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہاکہ نوازشریف واپس آ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا اور رکے ہوئے کام دوبارہ شروع ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا فقید المثال استقبال سب ذیلی تنظیموں اور ملک کے ہر طبقے نے کرنا ہے۔ ’شہباز شریف نے زبردست پارٹی ترانہ بنانے پر مریم نواز کو مبارکباد پیش کی۔‘ ۔

پاکستان اور عوام کی زندگی میں امید کا دن لوٹ کر آ رہا ہے، مریم نواز

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنازئر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا وطن واپسی پر استقبال تاریخ ساز ہو گا۔ اب پاکستان اور عوام کی زندگی میں امید کا دن لوٹ کر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ کے لیڈران اور کارکنوں نے ظلم و جبر کے باوجود نواز شریف کا ساتھ نبھایا جس پر میں ان کو سلام پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے نواز شریف اور شہباز شریف کا سرجھکنے نہیں دیا۔ ایک ماہ کے دوران ن لیگ نے یک جان ہوکر ایک جماعت ہوکر جذبے سے نوازشریف کے استقبال کی تیاری کی جس سے نئی مسلم لیگ ن کا جنم ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عاجزی سے ایک بات کہنا چاہتی ہوں اللہ کا شکر ہے پاکستان کے پاس ن لیگ سے بڑی جماعت نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہاکہ مریم اورنگزیب نے شہبازشریف اور مجھ سے مشاورت کے ساتھ نوازشریف کی آمد پر تیاریوں کے حوالے سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کیا ہے۔ ترانے میں پارٹی کے اتار چڑھاؤ کی کہانی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو مٹانے والے کئی آئے، کئی گئے 21 اکتوبر کو نواز شریف کا عروج دنیا دیکھے گی۔

انہوں نے کہاکہ مشکل کی گھڑی میں ہم فلسطین کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نواز شریف کے ترقی کے سفر کو ہمیشہ روکا گیا، احسن اقبال

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہاکہ نواز شریف نے خود کو قائد اعظم کا صحیح جانشین ثابت کیا لیکن ان کے ترقی کے سفر کو ہمیشہ روکا گیا۔

انہوں نے کہاکہ 1992 میں معاشی اصلاحات سے نواز شریف ملک کو آگے لے جانا چاہتے تھے لیکن ان کا سفر روک دیا گیا، بھارت نے انہی اصلاحات پر عمل کر کے ترقی کی منازل طے کیں۔ 1997 میں پھر اس سفر کو روکا گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013 میں نواز شریف سی پیک لے کر آئے اس پر بھی روک لگا دی گئی۔ اب ایک بار پھر قوم اسی قائد کی منتظر ہے تاکہ ملک ترقی کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp