کرکٹ ورلڈ کپ 2023: ویرات کوہلی نے برائن لارا کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی لیجنڈ بیٹر ویرات کوہلی نے بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈین لیجنڈ بیٹر برائن لارا سے بڑا ریکارڈ چھین لیا۔

ویرات کوہلی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے چوتھے بلے باز بن گئے۔  ویرات کوہلی نے بنگلہ دیش کے خلاف جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 97 بالوں پر 103 رنز بنائے۔ ان کی  اننگز میں 06 چوکے اور 04 چھکے شامل تھے۔ ان سے پہلے برائن لارا عالمی کپ میں 34 میچوں میں 1225 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر موجود تھے۔ برائن لارا کا ریکارڈ آج ویرات کوہلی کے ساتھ روہت شرما نے بھی توڑا ہے۔

آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ رنز بھارتی لیجنڈ بیٹر سچن ٹنڈولکر نے بنا ئے ہیں۔ انہوں نے عالمی کپ میں 45 میچز کھیل کر 2278 رنز بنا رکھے ہیں جس میں 06 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

اس لسٹ میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ دوسرے نمبر ہیں۔ انہوں نے عالمی کپ کے 46 میچ کھیل کر 05 سنچریوں اور 06 نصف سنچریوں کے ساتھ 1743 رنز بنائے ہیں۔

تیسرے نمبر پر لنکن بیٹر و سابق کپتان کمارا سنگاکارا موجود ہیں جنہوں نے 37 میچز کھیل کر 1532 رنز بنائے ہیں جن میں انہوں نے 05 سنچریاں اور 07 نصف سنچریاں بھی بنائی ہیں۔

ویرات کوہلی نے نے اب تک عالمی کپ میں 30 میچز کھیل رکھے ہیں اور 1289 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ موجودہ بھارتی کپتان روہت شرما 21 میچوں میں 1243 رنز بنا کر اس لسٹ میں 05 ویں نمبر پر ہیں۔

عالمی کپ 2023 میں بھارتی کپتان روہت شرما اب تک 04 میچز کھیل کر ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 265 رنز بنا کر پہلے نمبر پو موجود ہیں۔

ویرات کوہلی 259 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے اب تک ایک سنچری اور 02 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 249 رنز بنا کر تیسرے جبکہ پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 248 رنز بنا کر چوتھے نمبر پو موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp