الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے کے الزام میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے انہیں 24 اکتوبر کو الیکشن کمیشن کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے آئی جیز کو حکم دیا گیا ہے کہ سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، اس روز عمران خان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے کے معاملے پر 24 اکتوبر دن 10 بجے پولیس کی تحویل میں الیکشن کمیشن کے روبرو پیش کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیشی کے بعد واپس جیل بھجوایا جائے گا۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے احکامات دیے ہیں کہ اس حوالے سے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کیا جائے، ’جیل سپرنٹنڈنٹ عمران خان کو پیش کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں‘۔