کرکٹ ورلڈ کپ 2023: شاہین آج بنگلورو میں کینگروز سے ٹکرائیں گے

جمعہ 20 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی کپ 2023 کے 18 ویں میچ میں آج شاہین کینگروز کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم، بنگلورو میں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے کھیلا جائے گا۔ اب تک ورلڈ کپ کی مہم میں پاکستان نے 03 میں سے دو میچز جبکہ آسٹریلیا نے 03 میں سے ایک میچ جیت رکھا ہے۔

چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم، بنگلورو (بھارت)

پاکستان نے اپنے پہلے دونوں میچز میں نیدر لینڈز اور سری لنکا کو شکست دی جبکہ تیسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب آسٹریلیا کو بھارت اور ساؤتھ افریقہ نے شکست دی جبکہ سری لنکا کے خلاف میچ میں جیت کینگروز کے نام رہی۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

پاکسان اور آسٹریلیا اس میچ سے پہلے ایک روزہ میچز میں 107 بار آمنے سامنے آئے ہیں جن میں آسٹریلیا نے 69 میچز جبکہ پاکستان نے 34 میچ جیت رکھے ہیں۔

ایک روزہ میچز میں اسکور کا ریکارڈ

آسٹریلوی ٹیم نے اپنی ایک روزہ میچز کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور جنوبی افریقہ کے خلاف سنہ 2006 میں بنایا تھا۔ آسٹریلیا نے رکی پونٹنگ کی قیادت میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 434 رنز بنائے تھے تاہم جنوبی افریقہ کی ٹیم نے دوسرے اننگز میں تابڑ توڑ بلے بازی کرتے ہوئے یہ ہدف مکمل کر لیا تھا۔

پاکستانی ٹیم نے اپنی ایک روزہ میچز کی تاریخ کا سب سے زیادہ اسکور سنہ 2018 میں زمبابوے کے خلاف 399 رنز بنایا ہے۔

آسٹریلین مینز کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف سنہ 1986 میں 70 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جو کہ ان کی ایک روزہ میچز کی تاریخ کا کم ترین اسکور ہے۔ دوسری جانب پاکستان کا کم ترین اسکور ویسٹ انڈیز کے خلاف سنہ 1993 میں 43 رنز ہے۔

پچ رپورٹ

چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم، بنگلورو کی پچ بیٹرز کے لیے انتہائی سازگار ہوگی۔ اس پچ پر کھیلے گئے آخری 10 میچوں میں پہلی اننگز کا اوسط اسکور 313 رنز ہے۔ اس اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ بھی بہت تیز ہے جبکہ اس کی باؤنڈریز چھوٹی ہونی کی وجہ سے بڑی شارٹس کھیلنے والے بیٹرز کو فائدہ ہو گا۔ اسپنرز کا کردار میچ کے دوران انتہائی کلیدی ہو گا کیوں کہ جیسے جیسے گیند پرانا ہوتا جائے گا یہ پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی جائے گی۔

موسم کی صوتحال

بنگلورو میں میچ کے دوران موسم 27.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہوگا جبکہ بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں ناقابل شکست ہیں اور 08 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 04 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان کی ٹیم 04 پوائنٹس لے کر چوتھے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم 02 پوائنٹس لے کر 06 ویں پوزیشن پر ہے۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔

پاکستان کا اسکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد وسیم

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp